مرزا عبدالقیوم ندوی جیسے عاشقِ اردو کے ہاتھوں میں اردو کا مستقبل محفوظ ہے: ڈاکٹر شیخ عقیل احمد

نئی دہلی:قومی اردو کونسل کے صدر دفتر فروغ اردو بھون جسولہ میں اورنگ آباد مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے، مرزا ورلڈ بک ہاﺅس کے پروپرائٹر مرزا عبدالقیوم ندوی کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے مرزا عبدالقیوم ندوی کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور شال اوڑھا کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔

قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر نے اس موقع پر کہا کہ مرزا عبدالقیوم ندوی جیسے اردو کے شیدائی جب تک زندہ ہیں اردو زبان و ادب کا مستقبل محفوظ ہے۔ہمیں پورے ہندوستان میں ایسے ہی لوگوں کی ضرورت ہے جو اردو رسائل و جرائد اور کتابوں کی ترسیل کو بہتر طریقے سے انجام دے سکیں۔

ہم قومی اردو کونسل کی جانب سے مرزا صاحب کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور انھیں مبارکباد دیتے ہیں کہ ان کی وجہ سے ہمارا رسالہ ’بچوں کی دنیا‘ پورے مہاراشٹر خصوصاً اورنگ آباد اور مالیگاﺅں کے سبھی اسکولوں تک پہنچ رہا ہے۔

یہی نہیں بلکہ مرزا عبدالقیوم ندوی نے ’بچوں کی دنیا‘ کی اشاعت کے ایک سال سے بھی کم وقفے میں ایک لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت کردی تھیں۔واضح ہوکہ مرزا عبدالقیوم ندوی نہ صرف یہ کہ کتابوں کی فروخت اور ترسیل سے وابستہ ہیں بلکہ مختلف سماجی و فلاحی کام بھی انجام دیتے رہے ہیں۔

انھوں نے لیڈ اینڈ رِیڈ فاؤنڈیشن کا بھی آغاز کیا ہے جس کے تحت بچوں سے جیب خرچ میں سے کچھ پیسے روزانہ جمع کرنے کو کہا جاتا ہے اور ایک دو مہینوں کے بعد مرزا صاحب اسی اسکول میں بچوں کی کتابوں کا اسٹال لگاتے ہیں تاکہ بچے اپنی پسند کی کتابیں خرید سکیں۔

اسی طرح مرزا عبدالقیوم مہاراشٹر کے اسکولوں میں ’بچوں کی دنیا‘ بھی مفت تقسیم کرتے ہیں۔ قومی اردو کونسل کے صدر دفتر میں منعقدہ اس تقریب میں قومی اردو کونسل کی اسسٹنٹ ڈائرکٹر( اکیڈمک) ڈاکٹر شمع کوثر یزدانی، اسسٹنٹ ڈائرکٹر( ایڈمن)جناب کمل سنگھ،ریسرچ آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر جناب اجمل سعیداور عبدالحی کے علاوہ ایم آر پبلشرز کے پروپرائٹر جناب عبدالصمد وغیرہ موجود تھے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Ncpul felicitates proprietor of mirza world book house of aurangabad in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News
What do you think? Write Your Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.