حامد انصاری، مودی، کانگریس صدر سونیا گاندھی نے مانچیسٹر حملے کی مذمت کی

نئی دہلی:نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری،وزیراعظم نریندر مودی اور کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے برطانیہ کے مانچیسٹر میں ایک موسیقی پروگرام کے دوران ہوئے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے متاثرین کے سوگوار لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ مسٹر انصاری نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ہندوستان کی عوام برطانیہ کے لوگوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے ایک پیغام میں کہا کہ وہ متاثرین سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور ان کے لئے دعاکرتے ہیں۔انہوں نے کہا،”میں مانچیسٹر میں ایک موسیقی پروگرام میں ہوئے دھماکے میں بے قصورلوگوں کی موت اور کئی لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر سے سکتے میں ہوں۔“
وزیراعظم نے بھی اس دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی ہے۔مسٹر مودی نے ٹویٹر پر ایک پیغام میں کہا،”مانچیسٹر میں ہوئے حملے سے دکھ ہوا ہے۔اس واقعہ کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں۔مجھے ہلاک شدگان کے لواحقین سے گہری ہمدردی ہے اور میں زخمیوں کے لئے دعا کررہا ہوں۔“
کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے مانچیسٹر میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس حملے سے انہیں بہت دکھ ہوا۔محترمہ گاندھی نے متاثرین کے لواحقین کے تئیں ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہوکر لڑنا ہوگا۔دہشت گردی سے لڑنے کے لئے سرحد اور علاقے کی حد کوتوڑتے ہوئے سبھی کو ایک ساتھ آنا ہوگا۔
محترمہ گاندھی کے داماد رابرٹ واڈرانے بھی اس حملے کی مذمت کی ہے۔انہوں نے فیس بک پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا،”فٹ بال میچ دیکھنے کےلئے اکثر میں اپنے بیٹے کے ساتھ وہاں ہوتا ہوں۔دہشت گردانہ حملے میں مارے گئے لوگوں کے لواحقین کے تئیں میری ہمدردی ہے اور اس واقعہ سے مجھے بہت دکھ ہوا ہے۔دہشت گردانہ حملے ملک کے لوگوں کو متحد کرتے ہیں اور اس سے لڑنے کی طاقت دیتے ہیں۔
مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی نے اس دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بے قصور لوگوں کے مارے جانے کی خبر سن کر بہت دکھی ہیں۔بزدل لوگ اس طرح کے دہشت گردانہ حملوں کو انجام دیتے ہیں۔

Title: narendra modi condemns manchester terror attack | In Category: ہندوستان  ( india )

Leave a Reply