وزیر اعظم مودی کی یقین دہانیاں ناقابل اعتماد: کپل سبل

نئی دہلی: (یو این آئی) کانگریس نے نوٹ بندی پر وزیر اعظم نریندمودی کے خلاف حملے مزید تیز کرتے ہوئے آج کہا کہ انہوں نے اس سلسلے میں جتنی بھی یقین دہانیاں کرائی ہیں انہیں پورا کرنے میں وہ ناکام ثابت ہوئے ہیں اس لئے ان کی باتوں پر بالکل بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔
کانگریس کے سینئر لیڈر کپل سبل نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ نوٹ بندی سے پیدا بحران پر مسٹ رمودی نے لوگوں کو آٹھ نومبر کو یقین دہانی کرائی تھی کہ دو تین دن کا مسئلہ ہے اور اس کے بعد سب معمول کے مطابق ہوجائے گا۔ صورت حال میں بہتری نہیں آئی تو وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا کہ دو ہفتہ میں حالات سدھر جائیں گے۔ لوگوں کی پریشانی کم نہیں ہوئی تو مسٹر مودی نے پھر ملک کے عوام کو بھروسہ دیا کہ پچاس دن میں سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔
انہوں نے کہاکہ حالات بہت خراب ہیں اور صورت حال پچاس دنوں میں ٹھیک ہونے والی نہیں ہے۔ ریزرو بینک کے اعدادو شمار سے بھی واضح ہے کہ صورت حال درست ہونے والی نہیں ہے۔ بینک کے اعدادو شمار میں بتایا گیا ہے کہ 18نومبر تک 1.03 لاکھ کروڑ روپے نکالے جاچکے ہیں اور 33ہزار کروڑ روپے بدلے گئے ہیں۔ معیشت میں 1.3 لاکھ کروڑ روپے آئے جب کہ چلن سے بارہ گئی رقم چودہ لاکھ کروڑ روپے تھی۔
مسٹر سبل نے کہا کہ ملک میں نوٹ چھاپنے کا کام ناسک، دیواس، میسور اور سلبونی میں ہوتا ہے اور ان چاروں مقامات پر اگر دن رات بھی نوٹوں کو چھاپنے کا کام چلتا رہے تو اس کے بعد بھی ملک میں نوٹ بندی سے پیدا صورت حال سے نمٹنے کے لئے کم از کم چھ ماہ کا وقت چاہئے۔ ایسے میں وزیر اعظم کس بنیاد پر لوگوں سے صورت حال معمول پر آنے کے لئے پچاس دنوں کا وقت مانگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی جانتے ہیں کہ نوٹ بندی سے پیدا مسئلے پر پارلیمنٹ میں ان سے سوالات پوچھے جائیں گے اس لئے وہ ایوان میں نہیں آرہے ہیں اور پارلیمنٹ سے باہر جو چاہے بول رہے ہیں۔ وزیر اعظم یہ بھی جانتے ہیں کہ ان سے سوالات کئے جائیں گے تو اصلیت سامنے آجائے گی۔
کانگریس ترجمان نے کہا کہ مسٹر مودی نے الیکشن کے دوران بھی ملک کے عوام کو یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ حکومت میں آنے کے بعد 100دن کے اندر کالا دھن واپس لائیں گے لیکن ان کا یہ وعدہ بھی انتخابی جملہ ہی ثابت ہوا ہے۔ اس لئے ان پر اب بالکل یقین نہیں کیا جاسکتا۔ نوٹ بندی کے بعد جو صورت حال پید اہوئی ہے اس کے معمول پر آنے کے لئے جو بھروسے دلائے جارہے ہیں ان پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Narendra modi cannot be trusted kapil sibal in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply