آسا رام کابیٹاسورت سینٹرل جیل کو دنیا کی بہترین جیل بنانے کا خواہاں، وزیر اعظم کو مکتوب بھیجا

سورت:آبروریزی اور دیگر سنگین الزامات میں یہاں سورت سنٹرل جیل میں بند خود ساختہ دھرم گرو نارائن سائیں نے ایک نیا شگوفہ چھوڑتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھ کر جیل میں اصلاحات اور اسے دنیا کی بہترین جیل بنانے میں تعاون دینے کی اپیل کی ہے۔واضح رہے کہ نارائن سائیں آسا رام کا بیٹا ہے جو خود بھی عصمت دری کے الزام میں جیل میں بند ہے۔ نارائن سائیں نے مسٹر مودی کو لکھے خط میں کہا ہے کہ سرمیں آپ کے ہاتھوں افتتاح کئےگئے لاجپور، سورت کی جیل کو بین الاقوامی طرز کی جیل بنانے کی خواہش رکھتا ہوں۔ گزشتہ تین سال سے متعدد تجاویز میرے ذہن میں آئی ہیں – اگر آپ گجرات حکومت کو اس سلسلے میں میرا تعاون حاصل کرنے کو کہیں تو یہ کام بہت تیزی سے شروع ہو سکتا ہے۔ جب تک میری رہائی سے متعلق فیصلہ نہیں آ جاتا تب تک جیل میں رہتے ہوئے میں اپنی قابلیت، وقت، استعدادوطاقت نیز ذہانت سے حکومت کوفائدہ پہنچا سکتا ہوں اور معاشرے کے، ملک کے مفاد میں اس کا مکمل استعمال ہو اس سے اچھا اورکیا ہو سکتا ہے۔
اس نے آگے لکھا ہے لاجپور جیل کو ایک بین الاقوامی مثالی جیل بنانے کے لئے انگریزوں کے زمانے سے چلتے آ رہے پرانے جیل مینوئل میں بھی کچھ ترمیم یا تبدیلیاں کرنی پڑ سکتی ہیں۔ انگریزوں کے برسوںپرانے بنائے قوانین میں آج کے وقت کے مطابق تبدیلی ضروری بھی ہے اور، میں جانتا ہوں کہ آپ جدت پسندی کے خوگر ہیں۔ اصلاحات اور ترقی کے لئے آپ برسوں سے تیاری کر رہے ہیں۔ اسی سمت میں میری کوششوں کو کامیاب بنانے میں آپ کا تعاون چاہئے۔واضح رہے کہ جیل میں بند نارائن سائیں پر دو بہنوں میں سے ایک سے آبروریزی کا الزام ہے۔ ان میں سے دوسری بہن نے اس کے باپ آسارام پر آبروریزی کا الزام لگایا ہے۔ نارائن سائیں پر پولیس اور حکام کو رشوت دینے کی کوشش کرنے کے بھی الزامات ہیں۔ حال ہی میں اتراکھنڈ سے الیکشن لڑنے کی اس کی مبینہ پیشکش کو بھی خوب سرخیاں ملی تھیں۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Narain sai writes letter to pm modi in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply