فعال قیادت کا فقدان ہی مسلمانوں کی حالت زار کا واحد سبب :اسد الدین اویسی

نئی دہلی:مسلمانوں کی اپنی قیادت پیدا کرنے اور اسے ابھارنے پر زور دیتے ہوئے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر بیرسٹر اسد الدین اویسی نے کہا کہ قیادت کے فقدان کی وجہ سے مسلمانوں کی حیثیت بے جڑ پودے کی ہوگئی ہے۔قومی داراالخلافہ دہلی میں سیمانچل میڈیا منچ کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کی پسماندگی کی واحد وجہ قیادت کا فقدان ہے اور آج صورت حال یہ ہوگئی ہے کہ ان کی آواز بلند کرنے والے کم ہی لوگ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس لئے مسلم مجلس اتحاد المسلمین مسلم قیادت کے ابھارنے پر زور دے رہی ہے اور یہ کوئی بری بات نہیں ہے۔ مسٹر اویسی نے کہاکہ ایم آئی ایم مسلم قیادت کے ذریعہ مسلمانوں سمیت دلتوں، کمزور طبقوں اور محروم طبقات کے حقوق کی حفاظت کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم صرف مسلمانوں کی بات نہیں کرتے بلکہ ملک کے ہر کمزور طبقے کی بات کرتے ہیں اور ان کی فلاح بہبود چاہتے ہیں۔ سیمانچل کی تعلیمی، سیاسی، سماجی اور معاشی پسماندگی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سیمانچل ڈیولپمنٹ کونسل بل کا مسودہ پارلیمنٹ میں پیش کیا گیاہے جو پارلیمنٹ کے زیر غور ہے۔
انہوں نے کہاکہ وہ سیمانچل کی ہمہ جہت ترقی کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور وہاں کے مظلوموں کی آواز بھی اٹھاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں سے نام نہاد سیکولر پارٹیوں کی قصیدہ خوانی ترک کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مسلمان کبھی نتیش کمار توکبھی لالو یادو کی مدح سرائی میں مست رہتے ہیں جس کی وجہ سے ان کا ایجنڈہ کہیں دب جاتا ہے۔انہوں نے بہار میں بی جے پی کے پھلنے پھولنے کے لئے نتیش کمار کو ذمہ دار قرار دیا۔ بیرسٹر اویسی نے دہلی میں جلد سیمانچل کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ اس میں سیمانچل کے مسائل اور دہلی میں رہنے والے سیمانچل کے لوگوں کے مسائل کے حل کا ایجنڈا تیار کیا جائے گا۔
بہار مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اختر الایمان نے اس موقع پر کہا کہ بہار کے عوام نے بی جے پی کو روکنے کے لئے عظیم اتحاد کو قیادت سونپی تھی مگر جنتا دل متحدہ بی جے پی کی گود میں چلی گئی اب لوگوں کو اندازہ ہوگیا ہے کہ بی جے پی کی ایجنٹ ایم آئی ایم ہے یا نتیش کمار؟ انہوں نے 371کے تحت کئی ریاستوں کو حاصل مراعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر یہ مراعات سیمانچل کے لوگوں کو مل جائے تو وہاں بھی تعلیمی، سماجی اور سیاسی سطح پر انقلاب آسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیمانچل میں سیلاب ہر سال قہر برپا کرتا ہے مگر اب تک اس کی روک تھام کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اب وہاں کے عوام کو دھوکہ نہیں دیا جاسکتا ۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Muslims of india need a reliable leader says asaduddin owaisi in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply