دین و شریعت کا تحفظ مسلمانوں کا نصب العین:مولانااسرارالحق قاسمی

نوساری: ہندوستان میں مسلمان اپنی مذہبی آزادی اور تشخص کے ساتھ زندگی گزارناچاہتے ہیں اور وہ اپنے مذہبی معاملات میں کسی بھی قسم کی مداخلت کو برداشت نہیں کریں گے،کیوں کہ اپنے دین اور شریعت کاتحفظ مسلمانوں کانصب العین ہے۔
ان خیالات کا اظہار معروف عالم دین وممبرپارلیمنٹ مولانااسرارالحق قاسمی نے گجرات کے اپنے اصلاحی وتبلیغی دورے کے دوران نوساری،گجرات میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ مولانانے تاریخی حوالوں سے بتایاکہ ہمارے نبی نے مدینہ منورہ ہجرت کرنے کے بعدوہاں پہلے سے موجودتمام مذاہب کے ماننے والوں سے ایک پر امن معاہدہ کیااور سب کوامن و امان کے ساتھ زندگی گزارنے کامکمل حق دیاگیا،اسی طرح ہندوستان میں مسلمانوں کی آمد پر امن طریقے سے ہوئی تھی اورپہلی صدی ہجری میں جب وہ گجرات میں واردہوئے تویہاں کے بادشاہ نے انسانیت نوازی کا ثبوت دیتے ہوئے مکمل مذہبی آزادی دی اور پھر مسلمانوں کی تعلیم و تربیت کے لیے مسجدومدرسوں کاقیام بھی عمل میں آیا۔
مولاناقاسمی نے جنگ آزادی میں مسلمانوں کے نمایاں کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ1757 سے لے کر1857 سے پہلے تک ہندوستان کی تحریکِ آزادی میں مسلمان ہی آگے آگے رہے اور انھوں نے قائدانہ کرداراداکیا،اس کے بعد1857 سے لے کر 1947 تک ملک کی تمام قوموں اور برادریوں کے ساتھ مل کرآزادی کی جنگ لڑی یہاں تک کہ ملک آزاد ہوگیااور پھرملک کاایک ایسا دستور بنایاگیاجس میں تمام مذاہب کے لوگوں کومکمل آزادی اور حقوق دیے گئے اور یہ واضح کیاگیا کہ اس ملک میں جتنے بھی مذاہب کے ماننے والے ہیں انھیں اپنے مذہب پر عمل کرنے اور اس کی تبلیغ کرنے کی بھرپورآزادی ہوگی اورپھراسی دستورکے مطابق ہندوستان کامستقبل کا سفرشروع ہوا۔
مولاناقاسمی نے کہاکہ جس وقت جنگ آزادی میں ملک کے ہندواور مسلمان دونوں مل کر اپنی جان مال قربان کررہے تھے اس وقت مٹھی بھرایسے لوگ بھی تھے جو انگریزوں کی خوشامد میں لگے ہوئے تھے،افسوس کی بات ہے کہ آج وہی لوگ اقتدارپر قابض ہوگئے ہیں اوروہ پورے ملک پر اپنا تشددپسندانہ نظریہ تھوپناچاہتے ہیں، ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے یہاں کے لوگوں اور یہاں کی زمین کی یہ صفت ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے تشددپسندانہ نظریات کوقبول نہیں کرسکتی،اس لیے جو فرقہ پرست طاقتیں ملک کے باشندوں کے درمیان منافرت کی دیوارحائل کردیناچاہتی ہیں ان کی مذموم کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Muslim women will not tolerate interference in sharia says maulan qasmi in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply