ممبئی کی مسلم تنظیموں نے اڑی حملہ کو بزدلانہ فعل قرار دے کرشہید فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا

ممبئی:عروس البلاد ممبئی کے گنجان مسلم آبادی والے علاقہ بھنڈی بازار جنکشن پر آج یہاں مسلم تنظیموں سمیت مسلم اراکین اسمبلی نے گذشتہ اتوار کوکشمیر کے اری سیکٹر میں واقع ملٹری بیس پر ہوئے دہشت گردانہ حملہ میں شہید ہونے والے ہندوستانی فوجیوں کو زبر دست خراج عقیدت پیش کیا اور اس حملہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ حرکت قرار دیا۔
رحمانی فاؤنڈیشن اور دیگر کی جانب سے منعقدہ خراج عقیدت پیش کرنے والی اور مذمتی پروگرام میں کانگریس رکن اسمبلی امین پٹیل ،مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی ایڈوکیٹ وارث پٹھان ،سرکاری جے جے اسپتال ڈاکٹروں کے علاوہ سینکڑوں مسلمانوں نے شرکت کی اور حملہ میں شہید ہونے والے فوجیوں کی تصاویر پر پھول بھی نچھاور کئے۔ .ہاتھوں میں موم بتی لئے شرکاپروگرام نے اس دہشت گردانہ حملہ میں 18جوانوں کے ہلاک ہوجانے پر گہرے رنج و غم کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر اخبار نویسوں سے خطا ب کرتے ہوئے رکن اسمبلی امین پٹیل نے حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردوں نے سیدھے فوج کو اپنا نشانہ بنایا، جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اس حملہ کی باقاعدہ منصوبہ بندی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس دہشت گردانہ کارروائی کا منہ توڑ جواب دینا چاہئے۔
مسٹر امین پٹیل نے کہا کہ ان دہشت گردوں نے جس طرح فوجیوں کی وردی میں آ کر فوجی کیمپ میں جوانوں پر حملہ کر کے انہیں ہلاک کر دیا اس سے مختلف خدشات پیداہوتے ہیں۔ ا س لئے اس پورے معاملے کی اعلیٰ سطحی انکوائری ہونی چاہئے تاکہ مستقبل میں اس طرح کی کوئی واردات نہ ہوسکے اور دہشت گردوں کی اعانت اور مدد کرنے والی کالی بھیڑوں کا پردہ فاش ہوسکے۔ مجلس کے رکن اسمبلی وارث پٹھان بھی پاکستان کے خلاف سخت کارروائی کئے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے نے کشمیر میں دہشت گردی کو حمایت دینے والوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو چاہئے کہ وہ اپنے یہاں چلنے والے دہشت گردی کے اڈوں کو تباہ کرے اور ہندوستان میں بد امنی پیدا کرنے والے عناصرکو اپنے یہاں پناہ نہ دیں۔ وارث پٹھان نے مزید کہا کہ حکومت کو اس ضمن میں فوری طور پر سخت کارروائی کرنی چاہئے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Muslim bodies in mumbai condemn uri terrorist attack in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply