مختارعباس نقوی نے اپنے وزارتی عملہ میں وسیع پیمانے پر ردو بدل کی

نئی دہلی: اقلیتوں کی بہبود کے سرکاری اقدامات کو عملاً نتیجہ خیز بنانے کے لئے آزادانہ چارج کے ساتھ اقلیتی امور کی وزارت کی ذمہ داریاں سنبھالنے والے وزیر مختار عباس نقوی نے اپنے سکریٹریوں اور جوائنٹ سکریٹریوں سمیت محکمے کے افسروں کی ذمہ داریوں میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کی ہے تاکہ اقلیت رخی فلاحی اسکیموں کے نفاذ کی رفتارتیز کی جاسکے۔ مسٹر نقوی نے دو روز قبل اپنی وزارتی عملہ میں وسیع پیمانے پرردوبدل کرکے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ مرکزی حکومت متعلقہ اسکیموں کی عمل آوری میں سست روی کا مظاہرہ کرنے والے افسروں کی ان کے یہاں کوئی گنجائش نہیں۔
یہاں یو این آئی سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر نقوی نے کہا کہ اقلیتوں کے لئے مودی حکومت کی بہبودی اسکیموں کے تیز رفتار نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے یہ اقدامات کئے گئے ہیں۔ تاکہ آخری ضرورت مند شخص کو بھی اس کا فائدہ پہنچ سکے۔ مرکزی وزیرنے مزید بتایا کہ ردوبدل کے لئے وزارت کے افسروں کی سابقہ کارکردگی کوپیمانہ بنایا گیا ہے تاکہ فعال افسروں کو نئی اور اہم ذمہ داریاں دے کر بہبودی اسکیموں کے تیزرفتار نفاذ کو یقینی بنایا جاسکے۔
جوائنٹ سکریٹری مسٹر دنیش سنگھ بشٹ کو اقلیتی ارتکازوالے اضلاع کے لئے کثیر شعبہ جاتی ترقیاتی پروگرام ، وزیراعظم کے اقلیتوں کی بہبود کے لئے نئے پندرہ نکاتی پروگرام اور سچرکمیٹی کی سفارشات سے متعلق امور سے نمٹنے کی ذمہ داری کے ساتھ مساوی امکانات کمیشن ، سیکھو اور کماؤ، نئی روشنی ، ہماری دھروہر کے ساتھ ساتھ قومی اقلیتی ترقیاتی و مالیاتی کارپوریشن سے متعلق ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
جوائنٹ سکریٹری ایس کے دیو ورمن کو ٹیکنکل اور پیشہ ورانہ کورس کی صلاحیت اور وسائل پر مبنی اسکالر شپ اسکیم،پوسٹ میٹرک اور پری میٹرک اسکالرشپ اسکیم جےؤپارسی اسکیم کے علاوہ مولانا آزاد ایجوکیشن فاونڈیشن ، نئی اڑان ،نیا سویرا کے ساتھ ساتھ سرکاری زبان اور میڈیا سے متعلق ذمہ دارایاں دی گئی ہیں۔ جوائنٹ سکریٹری راکیش موہن کو اوقاف ، حج ،اسلامی بینکنگ امور کے علاوہ درگاہ خواجہ صاحب ایکٹ مجریہ 1955 کے نفاذ کے ساتھ ساتھ پارلیمانی کام کاج ، آر ٹی آئی اور رابطے کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔
انہیں اقلیتوں سے متعلق قرطاس ابیض تیار کرنے ،قومی اقلیتی کمیشن ایکٹ 1952 کے نفاذ اور نظم ،ریاستی وقف بورڈوں کو مضبوط بنانے ان کے ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کے علاوہ اینگلو انڈےئن کمیٹی کے معاملات کی ذمہ داریاں بھی سونپی گئی ہیں۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Mukhtar abbas naqvi reshuffled his staff in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply