کیرل مندر آتشزدگی معاملہ کرائم برانچ کے سپرد، 5گرفتار

تریوندرم:کیرل کے کولم ضلع کے پوتنگل مندر میں اتوار کو علی الصباح لگنے والی بھیانک آگ،جس میںکم از کم 106افراد ہلاک اور386زخمی ہو گئے، لگنے کی تحقیقات کی ذمہ داری کرائم برانچ کو سونپ دی۔اس کے ساتھ ہی آتش بازی کا ٹھیکہ لینے والے ٹھیکیدار کے خلاف بھی کیس درج کر لیا گیا۔ جن پانچ افراد نے آتش بازی کی انہیں بھی حراست میں لے لیا گیا۔
دریںاثناروحانی رہنما ماتا امریتا نندا مائی نے مندر میں آتش بازی پر پابندی لگانے کی تلقین کی ہے۔انہوں نے حکومت پر زور ڈالا ہے کہ وہ فوری طور پر اس پر توجہ دے۔ اس قسم کے حادثات کم و بیش ہر سال ہو رہے ہیں اور سیکڑوں افراد ہلاک ہو رہے ہیں۔جس کے باعث اس پر سنجیدگی سے غورکرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ آتشبازی خدا کو خوش کرنے کے لیے نہیں بلکہ لوگوں کی دل بستگی اور خوشی کی خاطر کی جاتی ہے ۔لہٰذا میں یہی کہوں گی کہ اس پر مکمل پابندی لگائی جائے ۔ لیکن ریاست میں 1000سے زائد مندروں کا نظم و نسق چلانے والوں کا کہنا ہے کہ وہ آتش بازی پر پابندی انہیں منظور نہیں ہے۔
ان مندروں کے انچارج تراون کور دیوا سووم بورڈ نے صاف صٓف کہہ دیا ہے کہ آتش بازی پر کوئی پابندی نہیں لگائی جائے گی۔ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ تحفظ بہم پہنچائے۔واضح رہے کہ صرف اس آتشبازی کو دیکھنے کے لیے ہی تقریبا10ہزار افراد پوتنگل مندر میں جمع تھے۔ یہ آتشبازی نصف شب میں شروع ہوئی اور کئی گھنٹے جاری رہی۔ لیکن اچانک ہی ایک چنگاری اس جگہ جا گری جہاں آتشبازی کا سامان کا ذخیرہ تھا۔چنگاری گرتے ہی ایک زور دار دھماکہ ہوا اور ایڈمنسٹریٹیو بلاک کی چھت اڑ گئی اور ایک قریبی عمارت منہدم ہو گئی۔
اس مندر میں آگ لگنے کی خبر سنتے ہی وزیر اعظم نریندر مودی نے مرکزی وزیر صحت کو فوری طور پر جائے وقوعہ روانہ ہونے کا حکم دیا اور پھر خود بھی فوراً پوتنگل دیوی مندر پہنچے اوروہاں تقریباً10منٹ رک کر حالات کاجائزہ لیا۔ اور جن لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی ان کے بارے میں ہدایت کی کہ اگر ضروری ہوا تو ان کا ڈی این ٹیسٹ کرایا جائے۔ انہوں نے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی اور ہلاک شدگان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرنے کے ساتھ ساتھ مرنے والوں کے کنبہ کو دو – دولاکھ اور زخمیوں کو 50ہزار روپے فی زخمی معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ اومن چنڈی نے بھی ہلاک شدگان کے لواحقین کو دس دس اور زخمیوں کو دو دو لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: More than 100 dead in kollam fire but temple board still wants fireworks in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply