جمہوریت میں من مانی نہیں چلتی:ملائم سنگھ

غازی پور:نوٹوں کی منسوخی کے فیصلے پر وزیراعظم نریندر مودی کو گھیرتے ہوئے سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے صدر ملائم سنگھ یادو نے آج کہا کہ جمہوریت میں من مانی نہیں چلتی۔
مسٹر یادو نے یہاں ایک ریلی کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم گھمنڈ میں اس قدر چور ہیں کہ کسی کو نہیں گردانتے لیکن ان کا گھمنڈ جلد ہی ٹوٹے گا۔وزیراعظم من مانی کررہے ہیں۔جمہوریت میں من مانی نہیں چلتی۔“ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پتا نہیں کیا سوچ رہے ہیں۔وہ تو دھمکی دیتے ہیں،کہتے ہیں کہ غریب اور ایماندار سکھ کی نیند سورہے ہیں،تو کیا باقی سب بے ایمان ہیں۔ہم لوگ مخالفت کر رہے ہیں تو کیا ہم بے ایمان ہیں۔
سابق وزیردفاع مسٹر یادو نے پاکستان کے مسئلے کے سلسلے میں بھی نریندر مودی پر من مانی کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ جب اس معاملے پر پورا ملک ایک ہے تو دیگر پارٹیوں کو بھروسے میں کیوں نہیں لیا جارہا ہے۔ یادو نے کہا ملک کے حالات پرخطر ہیں۔ سرحد پر کشیدگی ہے۔ بہادر سپاہی مقابلہ کر رہے ہیں، شہید بھی ہو رہے ہیں۔ پاکستان کے مسئلے پر پورا ملک ایک ہے۔ مرکزی حکومت کواس معاملے میں بھرپور حمایت مل رہی ہے، پھر بھی پاکستان ہمت کیسے کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی من مانی کا عالم یہ ہے کہ اس معاملے پر بھی اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسٹر مودی ہو سکتا ہے کچھ کر رہے ہوں لیکن جو کر رہے ہیں اس کی معلومات دیگر پارٹیوں کے رہنماؤں کو دینی چاہئے۔ جماعتی رہنماؤں کو بلا کر بات کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا نوٹوں کی منسوخی کی وجہ سے پورا ملک لائن میں لگا ہوا ہے۔ فیصلہ لینے سے پہلے مرکز کو اچھی طرح غور کرنا چاہئے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کسان اور تاجر کو برباد کر دیا۔
کسان اور تاجر بھائی ہیں۔ کسان اناج پیدا کرتا ہے اور تاجر اس کی خرید فروخت پورے ملک میں کرتاہے۔ اتر پردیش اسمبلی انتخابات کی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے ایس پی صدر نے کہا کہ کانا پھوسی کرنے والے پارٹی کو کمزور کر رہے ہیں۔
کانا پھوسی کرنے والے جلدی سامنے آ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات قریب ہیں، جو لوگ پارٹی کو کمزور کرنا چاہتے تھے، انہیں مایوسی ہوئی ہے۔ انہوں نے چاپلوسوں سے ہوشیار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں سے کہا صاف بولنا اور تنقید برداشت کرنا اچھے لیڈر کا خصوصیات میں شمار ہوتا ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Modis arrogance doesnt serve our democracy well mulayam singh yadav in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply