کشمیر کو مزید تباہی سے بچانے کے لیے مودی سے یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کی اپیل

نئی دہلی:آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے قومی صدر و رکن پارلیمنٹ مولانا بد رالدین اجمل قاسمی نے کشمیر کے روز بروز سنگین ہوتے حالات پر اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنت نشاں کشمیر کو مزید جلنے سے بچانے کے لئے ٹھوس قدم اٹھائے۔ مولانا نے کہا کہ چالیس دن سے وادی میں کرفیو نافذ ہے جس سے معمولاتِ زندگی مفلوج ہو گئے ہیں۔
تقریبا 70 شہری جاں بحق،سینکڑوں بینائی سے محروم اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں اور اب بھی تشدد کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔وہاں کی عوام ایسے حالات میں کھانا، پینا اور دوا کے بغیر کس قدر پریشانیوں کا سامنا کر رہی ہے اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو امید تھی کہ وزیر اعظم کشمیریوں کے زخم پر مر حم رکھنے کے لئے اپنی یومِ آزادی کی تقریر میں کچھ بولیں گے مگر اس سنگین مسئلہ پر ان کی خاموشی سے مایوسی ہوئی ہے۔ ملک کے دیگر حصوں میں بھی زبر دست مظاہرے ہوئے ہیں مگر پولس نے ان پر کنٹرول کرنے کے لئے ڈائریکٹ فائرنگ نہیں کی۔
ہمارے ملک کا قانون بھی یہی کہتا ہے کہ ایسے حالات میں پہلے لاٹھی چارج، پانی کی بوچھار، آنسو گیس، ہوائی فائرنگ وغیرہ کے ذریعہ بھیڑ کو منتشر کرنے کی کوشش کی جائے اور اگر گولی چلانا ناگزیر ہو تب بھی پاؤں پر گولی ماری جائے یعنی ہر حال میں عوام کی جان کی حفاظت کو مقدم رکھاجائے۔ مولانا اجمل نے مزید کہا کہ کشمیر بھی ہمارا ہے اور کشمیری بھی ہمارے ہیں اسلئے سرکار کو چاہئے کے کشمیر کے تحفظ کے ساتھ ساتھ کشمیریوں کی جان و مال کا تحفظ کرے ،۔ کشمیر مسئلہ کوگولیوں سے نہیں بلکہ بولیوں سے حل کیا جائے۔وہاں کی عوام کا دل جیتنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔
اور وہاں تعینات فوج کو حکم دیا جائے کہ وہ دہشت گردوں سے تو سختی سے نمٹے مگر کسی بھی حال میں معصوم اور بے قصورشہریوں کی جان ومال کا نقصان نہ ہو۔مولانا نے مزید فرمایا کہ پارلیمنٹ میں ہوئی بحث میں بھی ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ آ ل پارٹی وفد کشمیر بھیجا جائے جو وہاں جاکر حالات کا جائزہ لے۔ وہاں لوگوں سے ملاقات کرے اور عوام میں اعتماد کی بحالی اور وادی میں امن و امان کے قیام سے متعلق اپنی تجاویز سرکار کو دے جس کو سرکارپر سر کار عمل کرے۔
آل پارٹی میٹنگ میں سرکار نے کل جماعتی وفد بھیجنے کی تجویز کو منظور بھی کر لیا ہے اسلئے ہم سرکار سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جلد اس کام کو انجام دے تاکہ حالات مزید خراب نہ ہوں۔ مولانا نے یہ بھی واضح کیا کہ پاکستانی حکمراں اور اس کے سفیر کے باربار اشتعال انگیز بیان سے اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ لوگ کشمیر میں تشدد کو بڑھا وا دینے میں مصروف ہیں اسلئے ہم سرکار سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ان سے سختی سے نمٹے اور ان کا منھ توڑ جواب دے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Maulana badruddin ajmal apeals for peace in kashmir in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply