مہاراشٹر میں فوج کے اسلحہ خانہ میں زبردست دھماکہ ، دو افسروں سمیت 19فوجی ہلاک

ممبئی:مہاراشٹر کے پلگاؤں میں واقع فوج کے سب سے بڑے اسلحہ ڈپو میں آگ لگ جانے کے باعث ہونے والے کئی دھماکوں میں کم از کم19 فوجی ہلاک اور 19دیگر زخمی ہو گئے۔ اس اسلحہ خانہ کو ملک کا سب سے بڑا اسلحہ ڈپو بتایا جاتا ہے۔
فوجی ذرائع نے بتایا کہ ہلاک شدگان میں ڈیفنس سیکورٹی کور کے دو افسران اور17سپاہی شامل ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ ایک شیڈ میں آگ لگ گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے پھیل گئی جس سے کئی دھماکے ہوئے ۔ یہ سانحہ پیر اور منگل کی درمیانی شب ڈیڑھ اور دو بجے کے درمیان پیش آیا۔آگ کے شعلے اس قدر بلند تھے کہ آسمان روشنی سے جگمگا اٹھا۔وردھا ضلع کی پولس سپرنٹنڈنٹ اسمتا پاٹل نے کہا کہ آگ پر قابو پانے کی کوشش جاری ہے اور اب حالات قابو میں ہیں۔
اسلحہ بارود کے ماہر بریگیڈیر سندیپ بھلہ کے مطابق ہلاک شدگان میں وہ دو افسران بھی شامل ہیں جو خطرناک دھماکہ خیز مواد کو اس آگ کی زد میں آنے سے بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔زخمیوں میں اسلحہ ڈپو کا کمانڈنگ افسر بھی شامل بتایا جاتا ہے۔فوج نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم جاری کرد یا ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ اس بات کی تصدیق نہیں کی جاسکتی کہ یہ حادثہ تھا یا کوئی تخریب کاری تھی۔
ناگپور فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک فائر افسر نے بتایا کہ آگ بجھانے والی 10 گاڑیاں پوری رات آگ پر قابو پانے کی جدوجہد کرتی رہیں۔اور صبح سوا چھ بجے آگ پر قابو پالیا گیا۔ اس ددوران ڈپو کے گرد و نواح میں واقع گاو¿ں اور قصبوں کو احتیاطی تدابیر کے طور پر خالی کرا لیا گیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئیٹ کر کے اس حادثہ پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ہلاک شدگان کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بھی اس حادثہ پر افسوس ظاہر کیا اور ہلاک شدگان کے پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Massive fire erupts at indias biggest ammunition depot in pulgaon 19 jawans dead in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply