مرکزی جمعیت اہل حدیث نے کابل میں دہشت گردانہ حملہ کی پرزور مذمت کی

نئی دہلی:پڑوسی ملک افغانستان کی راجدھانی کابل میں دہشت گردانہ حملوں کی سخت مذمت اورجانی ومالی نقصان پرگہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی جمعیت اہل حدیث ہندکے ناظم عمومی مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے کہا کہ کابل میں داعش کے ذریعہ جارحانہ اوروحشیانہ واردات بزدلانہ حرکت ہونے کے ساتھ ساتھ غیراسلامی وغیرانسانی ہے اورجولوگ ایسا کررہے ہیں ان کا اسلام اورمسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ناظم عمومی نے کہا کہ جولوگ اسلام کے نام پر بے قصورلوگوں کی جان لے رہے ہیں وہ انتہائی گھناؤنے فعل کا ارتکاب کررہے ہیں وہ اسلام اورمسلمانوں کا دشمن ہونے کے ساتھ ساتھ پوری انسانیت کے دشمن ہیں ان کے عمل کوکسی بھی صورت میں صحیح نہیں قرار دیا جاسکتا۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ناظم عمومی نے مرنے والوں کے لواحقین سے قلبی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند ہمیشہ اس طرح کی دہشت گردانہ کارروائیوں کی مذمت کرتی رہی ہے اورمنفی سوچ رکھنے والوں کی حوصلہ شکنی کرتی رہی ہے۔
انہوں نے داعش جیسی اسلام دشمن اوراس جیسی تنظیم کو سامراجی طاقتوں کا آلہ کار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہرملک کومتحد ہوکر ایسے لوگوں سے مقابلہ کرنا چاہیے کیوں کہ دہشت گردی اس وقت پوری دنیائے انسانیت کے لئے ناسور بنی ہوئی ہے جس کا مقابلہ متحد ہوکر ہی کیا جاسکتاہے۔

اصغر امام مہدی نے پسماندگان سے اظہار ہمدردی وقلبی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام ممالک کے عوام کو دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کے لیے باہمی تعاون ضروری ہے۔(یو این آئی)

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Markazi jamiat ahle hadis condemns kabul attack in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply