سپریم کورٹ نے منی پور میں انکاؤنٹروں میں ہلاکتوں کی تحقیقات کا حکم دیا

نئی دہلی:سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ منی پور میں سیکورٹی فورسز کی طرف سے مبینہ طور پر 1528ماورائے عدالت قتل کی چھان بین کی جانی چاہئے۔ عدالت نے کہا کہ جب تک عدالت مفصل انداز میں اس سنگین مسئلہ کا جائزہ نہیں لے لیتی، فوج چاہے تو اپنے طور پر اس پہاڑی ریاست میں ماؤرائے عدالت قتل کے ایک سے زیادہ الزامات کی آزادانہ چھان بین کر سکتی ہے۔
درخواست گزاروں نے اس الزام کے ساتھ عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا ہے کہ فوج چونکہ منی پور میں خصوصی مسلح افواج (اسپیشل پاور) ایکٹ کے تحت سرگرم عمل ہے اس لئے وہ کسی قانونی چارہ جوئی سے بچی رہتی ہے۔
قومی انسانی حقوق کمیشن کی باتیں سننے کے بعد عدالت نے کہا وہ ایک ”بغیر دانتوں والا شیر“ بن کر رہ گئی ہے جبکہ اسے مفصل انداز میں معاملہ کی سماعت کے لئے مزید اختیارات کی ضرورت ہے۔ مرکز نے سپریم کورٹ کو یہ بتایا ہے کہ قتل کے واقعات فوج کے ذریعے مرکزی حکومت کی طرف سے آزادانہ و خودمختار انہ کارروائی کا حصہ ہے۔ سیکورٹی فورسز اور مرکز کا موقف یہ ہے کہ انکاونٹر حقیقی ہوتے ہیں اور مبینہ طور پر ملوث سیکیورٹی اہلکاروں پر مقدمہ چلایا نہیں جا سکتا ۔
انسانی حقوق کمیشن اور سپریم کورٹ کی طرف سے قائم کردہ جسٹس سنتوش ہیگڑے کمیشن نے کل 1528 مقدمات میں 62 کی جانچ کی تھی اور دونوں نے الگ الگ رپورٹ پیش کی تھی۔ کمیشن کا نتیجہ تھا کہ 62 میں سے 15 معاملے فرضی تصادم کے ہیں لیکن انسانی حقوق کمیشن کا کہنا تھا کہ 62 میں سے 31 معاملے فرضی ہیں۔ رپورٹ کے اس فرق کو دیکھتے ہوئے بینچ نے عرضی گزار اور عدالت کی جانب سے مقرر مشیر مینکا گرسوامی کو ساتھ مل کر 62 فرضی مقابلوں کے سلسلے میں معلومات جمع کرنے کا حکم دیا اور انسانی حقوق کمیشن کو اس کام میں مدد کرنے کی ہدایت دی۔
عدالت نے کہا ہے کہ تینوں فریقوں کو یہ دیکھنا ہوگا کہ فرضی تصادم کے سلسلے میں ایف آئی آردرج ہوئی یا نہیں، متوفی کی نشاندہی کی گئی یا نہیں، عدالتی جانچ کبھی کی گئی یا نہیں یا انکوائری کمیشن نے تحقیقات کی یا نہیں۔ بینچ نے فرضی تصادم میں شامل سیکورٹی فورسز کے جوانوں کا کورٹ مارشل کئے جانے کا فیصلہ آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات پر چھوڑ دیا ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Manipur sc orders probe in encounter killings in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply