بنگال و دہلی کے وزراءاعلیٰ نے مودی حکومت کو کرنسی منسوخی فیصلہ تین روز میں واپس لینے کا الٹی میٹم دیا

نئی دہلی:مغربی بنگال کی وزیر اعلی اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے مودی حکومت کو ہزار پانچ سو کی کرنسیوں کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ واپس لینے کے لئے تین دنوں کا الٹی میٹم دیتے ہوئے خبر دار کیا کہ بصور ت دیگر سنگین نتائج مرتب ہوں گے۔ محترمہ ممتا بنرجی نے وزیر اعظم کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ”ہم گولیاں کھانے کو تیار ہیں لیکن آمریت کے آگے نہیں ٹیکیں گے“۔
وہ یہاں اپنی پارٹی ترنمول کانگریس اور عا م آدمی پارٹی کی ایک مشترکہ ریلی سے خطاب کر رہی تھیں۔ مسٹر کیجریوال نے بھی مسٹر نریندر مودی پر یلغار کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت بڑے صنعت کاروں کے تو قرضے معاف کر رہی ہے اور عام آدمی کو اپنی ہی محنت کی کمائی بینکوں سے نکالنے کے لئے قطاروں میں کھڑا کر دیا ہے جہاں وہ کئی دنوں سے کھڑے ہیں۔
انہوں نے مودی حکومت پر بدعنوانی کرنے کا بھی الزام لگا یا اور کہا کہ نو ہزار کروڑ کی دھوکہ دہی پر عدالتی چارہ جوئی کا سامنا کرنے والے شراب کے ایک بڑے تاجر وجے مالیہ کو چھوڑ رکھا ہے۔ مسٹر کیجریوال نے یہ الزام بھی لگا یا کہ 2013 میں اکتوبر تا دسمبر 40 کروڑ روپے سے زیادہ کی رشوت اس وقت کے گجرات کے وزیر اعلی کو دی گئی تھی۔ محترمہ بنرجی نے کہا کہ عام آدمی بھکمری کے قریب پہنچ گیا ہے اور حالات انتہائی سنگین ہو چکے ہیں۔
باوجودیکہ حکومت سچ کا سامنا کرنے کے بجائے یہ جان کر بھی کہ صرف چار فیصد لوگ پلاسٹک منی استعمال کرتے ہیں، غریبوں کو یہ تلقین کرتی پھر رہی ہے کہ وہ پلاسٹک کارڈ استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تو اچھے دن کے وعدے کئے تھے تو کیا موجودہ صورتحال کا عام آدمی کے حق میں اچھے دن سے کوئی تعلق ہے!” ہم ہمیشہ جان کی بازی لگاتے آئے ہیں ، ہم کسی سے نہیں ڈرتے اور ہم اپنی لڑائی جاری رکھیں گے“۔
واضح رہے کہ آج کی ریلی سے قبل کل محترمہ بنرجی نے پارلیمنٹ سے راشٹر پتی بھون تک مارچ کی قیادت کی تھی اور صدر جمہوریہ کو ایک عرضداشت پیش کی تھی جس میں یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ کالے دھن، جعلی کرنسی اور دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے کے نام پر ہزار پانچ سو روپے کی کرنسیوں کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے متعلقہ اقدام سے تمام تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں اور ملک 100 سال پیچھے چلا گیا ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Mamata kejriwal give centre three days to roll back demonetisation in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply