نوٹ کی منسوخی کے معاملہ پر تمام پارٹیوں کو متحد ہونے کی ضرورت: ممتابنرجی

نئی دہلی: ہزار اور 500 کے نوٹ کی منسوخی کے سبب عام لوگوں کو ہو رہی دشواری پر ترنمول کانگریس لیڈر اور مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے آج کہا کہ یہ عام لوگوں کی جنگ ہے جس پر پارٹی سیاست سے اوپر اٹھ کر تمام پارٹیوں کو متحد ہونا چاہئے۔
پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے آج پہلے دن پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے سے راشٹرپتی بھون تک نوٹ کی منسوخی کے معاملے پر مارچ شروع کرنے سے پہلے محترمہ بنرجی نے نامہ نگاروں سے کہا کہ حکومت کے اس فیصلے سے عام لوگ انتہائی پریشان ہو رہے ہیں۔ کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے اس کے اثرات کا اندازہ لگانا چاہئے لیکن حکومت نے ایسا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اس عوام مخالف فیصلے کے خلاف ’میں سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہوں۔
اس کے لئے میں نے سماج وادی پارٹی لیڈر ملائم سنگھ یادو، راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد یادو اور کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کو بھی فون کیا تھااس سوال پر کہ کانگریس اس جنگ میں ان کے ساتھ نہیں آ رہی ہے، محترمہ بنرجی نے کہا کہ جو ساتھ آ رہا ہے اچھی بات ہے اور جو نہیں آ رہا ہے، اس سے کوئی شکایت نہیں ہے۔میں اپنی لڑائی جاری رکھوں گی، مجھے کوئی نہیں روک سکتا‘۔
محترمہ بنرجی کے ساتھ مارچ میں ان کی پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ کے علاوہ مرکز میں حکمران اتحاد میں شامل شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ اروند ساونت اور چندرکانت کھیرے، عام آدمی پارٹی کے بھگونت مان اور نیشنل کانفرنس کے رہنما اور جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ بھی شامل ہوئے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Mamata calls for a united opposition in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply