پریس کانفرنس میں ’کیا شو سینا اب سیکولر ہو گئی ہے؟‘ پوچھے جاتے ہی وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے آپے سے باہر ہو گئے

ممبئی: مہاراشٹر میں وزارت اعلیٰ کے منصب پر فائز ہونے والے پہلے شو سینک ادھو ٹھاکرے وزیر اعلیٰ کے طور پر پہلی پریس کانفرنس میں ہی اس وقت آپے سے باہر ہو گئے جب ایک رپورٹر نے ان سے استفسار کیا کہ کیا شو سینا اب ”سیکولر“ ہو گئی۔

بتایا جاتا ہے کہ تقریب حلف برداری اور پھر پہلی کابینہ میٹنگ کے بعد 59سالہ ادھو پہلی پریس کانفرنس کر رہے تھے کہ ایک رپورٹر نے شو سینا۔این سی پی۔ کانگریس مخلوط حکومت کے یکساں کم ا زکم پروگرام میں مذکورلفظ”سیکولر“ کے حوالے سے ادھو سئے یہ پوچھ لیا کہ کیا شو سینا اب سیکولر ہو گئی ہے؟ سوال کا جواب دیتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے رپورٹر سے ہی الٹا یہ پوچھ لیا کہ لفظ سیکولر کے کیا مطلب ہے؟ جس پر رپورٹر نے کہا کہ وہ خود ان سے یہ معلوم کرنا چاہتا ہے تو وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’آئین میں جو کچھ ہے وہ ہے“۔

جب سابق نائب وزیر اعلیٰ اور این سی پی لیڈر چھگن بھجبل نے،جنھوں نے کل شام وزیر کے طور پر حلف لیا تھا، یہ محسوس کیا کہ ادھو ٹھاکرے طیش میں آرہے ہیں تو وہ ان کے بچاؤ میں آگئے ۔اور کہا کہ لفظ سیکولر آئین میں مذکور ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے یہ وہی بھجبل ہیں جنہوں نے2000میں مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر ادھو کے والد اور شو سینا کے بانی سربراہ بال ٹھاکرے پر ریاست میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے پر مقدمہ چلانے کی اجازت دی تھی۔جمعرات کو ان تینوں پارٹیوں نے حلف برداری کے بعد اپنا مشترکہ کم از کم پروگرام جاری کیا تھا جس کے پہلے ہی پیرا گراف میں لفظ ”سیکولر“لکھا ہوا تھا۔

یہ بھی کہا جاتا ہے کہ کم از کم یکساں پروگرام میں لفظ ”سیکولر“ کے استعمال پر شو سینا نے اعتراض اور اس سے عدم اتفاق کیا تھا۔لیکن شو سینا کو این سی پی اور کانگریس نے اپنے نظریے سے سمجھوتہ کرنے پر مجبور کر دیا۔ان تینوں کے کم از کم یکساں پروگرام کے پہلے ہی پیرا گراف میں سیکولرزم کو مقدم رکھا گیا ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Maharashtra chief minister uddhav thackeray loses cool over question on shiv senas secularism in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News
What do you think? Write Your Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.