دہشت گردی کے جرم میں عمر قید کی سزا پانے والے دو مسلم نو جوانوں کو ہائی کورٹ نے بری کر دیا

ممبئی:دہشت گردی کے الزامات کے تحت نچلی عدالت سے عمر قید کی سزا پانے والے دو مسلم نوجوانوں کو آج اس وقت بڑی راحت حاصل ہوئی جب اتر پردیش کی لکھنؤ ہائی کورٹ کی ایک دو رکنی بینچ نے جمعیت علما مہاراشٹر کی جانب سے داخل کردہ عرضداشت پر اپنا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں ملک دشمن سرگرمیوں کے الزامات سے باعزت بری کئے جانے کا حکم جاری کیا ۔
گذشتہ پندرہ برسوں سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے مقید ان نوجوانوں پر اگر دھماکہ خیر مادہ رکھنے کا الزام ثابت بھی ہوجاتا ہے تو وہ با آسانی جیل سے رہا ہوجائیں گے کیوں کہ قانون کے مطابق اس الزام کے تحت زیادہ سے زیادہ سزامحض دس برسوں کی ہی ہوسکتی ہے۔ ان نوجوانوں کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیت علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی)قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے ممبئی میں یہ اطلاع اخبار نویسوں کو دی اور بتایا کہ ملزمین سلیم قمر اور الطاف حسین کو14 جنوری2001کو اتر پردیش پولس نے دھماکہ خیز مادہ رکھنے اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے تحت گرفتار کیا تھا اور ان کے قبضہ آر ڈی ایکس، زندہ کارتوس ، ٹائمر، بیٹری و دیگر مواد ضبط کرنے کا دعوی کیا تھا جس سے وہ رام جنم بھومی ایودھیا(فیض آباد) میں بم دھماکہ کرنا چاہتے تھے۔
فیض آباد کی خصوصی عدالت نے الطاف حسین اور سلیم قمر کو تعزیرات ہند کی دفعات 121(A),122 کے تحت عمر قید کی سزاسنائی تھی اسی طرح دھماکہ خیز مادہ کے قانون کی دفعات 3,4,5 کے تحت دس سالوں کی سزا تجویز کی تھی۔ گلزار اعظمی نے کہا کہ نچلی عدالت سے ملی سزاؤں کے خلاف لکھنؤ ہائی کورٹ میں اپیل داخل کی گئی تھی جس کی سماعت گذشتہ دو سالوں سے جاری تھی جس پر آج سماعت عمل میں آئی جس کے دوران دو رکنی بینچ کے جسٹس ایس چوہان اور جسٹس اننت کمار نے ملزمین کو ایک جانب جہاں عمر قید کی سزاؤں سے بری کردیا وہیں دھماکہ خیز مادہ والے قانون کے تحت تجویز کی گئی دس سال کی سزا والے معاملے کی سماعت ملتوی کردی۔
ملزمین کے مقدمات کی پیروی کے لیئے صدر جمعیت علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی کی ہدایت پر دہلی سے ایڈوکیٹ عارف علی اور لکھنوکے وکیل محمو دعالم کو مقرر کیا گیاتھاجنہوں نے لکھنؤ ہائی کورٹ کے سامنے مدلل بحث کی جس کے بعد آج آخر کار ان دونوں کو سنائی گئی عمر قید کی سز اکو ختم کردیا گیا۔ گلزار اعظمی نے کہا کہ عمر قید کی سزا سے بری کیے جانے کے بعد ملزمین کی اگلے چند ایام میں جیل سے رہائی ہوجائے گی۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Lucknow hc acquits 2 muslim youths in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply