نئی دہلی: لیفٹٹننٹ جنرل مکند نراؤنے ہندوستانی فوج کے نئے سربراہ ہوں گے۔ 13لاکھ مضبوط فوج کے ہونے والے نئے سربراہ فی الحال نائب فوجی سربراہ ہیں۔

موجودہ فوجی سربراہ جنرل بپن راوت اپنی تین سال کی میعاد کی تکمیل کے بعد 31دسمبر کو ملازمت سے سبکدوش ہو جائیں گے۔توقع ہے کہ انہیں ملک کا پہلا چیف آف ڈیفنس اسٹاف مقرر کیا جائے گا۔

ستمبر میں نائب فوجی سربراہ کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے لیفٹننٹ جنرل نراؤنے چین سے متصل 4000کلومیٹر طویل سرحد کی حفاظت کرنے والی فوج کی مشرقی کمان کی قیادت کر رہے تھے۔لیفٹننٹ جنرل نراؤنے نے ملک کا آئندہ فوجی سربراہ مقرر کیے جانے کے بعد اپنے پہلے ردعمل میں کہا کہ یہ ذمہ داری دیا جانا ایک اعزاز ہے۔

ان چیلنجوں سے جو ان کے نئے عہدے پر تقرر کے بعد سامنے آسکتے ہیں،نمٹنے کے حوالے سے استفسار کیے جانے پر لیفٹننٹ جنل نراؤنے نے کہا کہ اس ضمن میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ توجہ کدھر مرکوز کرنا ہوگی۔

اپنی37سالہ ملازمت کے دوران لیفٹننٹ جنرل نراؤنے پیس اسٹین، میدان جنگ اور جموں و کشمیر اور شمال مشرق کے نہایت پر آشوب دور اور انسداد دہشت گردی ماحول میں مختلف حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

انہون نے جموں و کشمیر میں راشٹریہ رائفلز بٹالین کی بھی کمان سنبھالی۔وہ سری لنکا میں ہندوستانی امن فوج میں بھی شامل رہے اور تین سال تک میانمار میں ہندوستانی سفارت خانہ میں دفاعی اتاشی بھی رہے۔لیفٹننت جنرل نراؤنے نیشنل ڈیفنس اکیڈمی اور انڈین ملٹری اکیڈمی سے فارغ ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *