امریکہ میں ہندنژاد انجینیر کی ہلاکت اور ہندوستانیوں پر نسلی حملوں کی لوک سبھا میں گونج

نئی دہلی: لوک سبھا میں اپوزیشن پارٹیوں نے امریکہ میں ہندوستانیوں پر ہو رہے حملوں پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے شدید مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملہ میں مداخلت کرے اور اس حوالے سے پارلیمنٹ میں بیان دے۔ لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ملک ارجن کھڈگے نے وقفہ سوال کے بعد یہ معاملہ اٹھایا اور کہا کہ یہ بہت سنگین مسئلہ ہے۔ ہندوستانیوں کے تئیں امریکہ میں نفرت کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے اور ہندنژاد باشندوں پر حملے ہو رہے ہیں۔
اس طرح کے ایک حملے میں گزشتہ دنوں ہندوستانی نڑاد انجینئر مارا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ وزیر خارجہ علیل ہیں اس لیے وزیر اعظم نریندر مودی کو خود اس سلسلے میں ایوان میں بیان دینا چاہئے۔ ترنمول کانگریس کے سوگت رائے نے کہا کہ امریکہ میں ہندوستانیوں کے خلاف نفرت کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ حال ہی میں ہندوستانی سافٹویئر انجینئرسرنیواس کو قتل کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس واقعہ کی مذمت کی اور کہا کہ یہ بیرون ملک میں رہنے والے ہندوستانیوں کے تحفظ کا معاملہ ہے اس لئے وزیر اعظم کو ایوان میں بیان دینا چاہئے۔ .بیجو جنتا دل کے بھرترہری مہتاب نے کہا کہ شرینواس کے قتل کے بعد امریکہ میں رہنے والے ہندوستانیوں میں دہشت کا ماحول ہے۔
امریکی حکومت کو بتانا چاہئے کہ کس وجہ سے سرنیواس کو قتل کیا گیا۔ یہی سوال وہاں کی حکومت سے سرنیواس کی بیوہ بھی پوچھ رہی ہے اور حکومت کو امریکہ پر دباؤ بنا کر اس سوال کا جواب مانگنا چاہئے۔امریکہ کو قتل کی وجہ بتانی چاہئے اور اس کے لئے اس پر مضبوطی سے دباؤ بنایا جانا چاہئے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکہ نے اپنے شہریوں کے لئے کچھ ممالک کا سفر کرنے کے سلسلے میں ایک ایڈوائزری جاری کی ہے اور جن ممالک میں اس نے شہریوں کو نہ جانے کی ہدایت دی ہے اس میں ہندوستان بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ میں بہت سے علاقے ہیں جہاں ہندوستانیوں کے خلاف نفرت کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے اور وہ علاقے ہندوستانی شہریوں کے لئے محفوظ نہیں ہیں اس لئے حکومت ہند کو چاہئے کہ وہ اپنے شہریوں کے لئے یہ ہدایت جاری کرے کہ امریکہ میں انہیں کن مقامات پر نہیں جانا چاہئے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Lok sabha members voice concern over killing of indians in us in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply