خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم پر لوک سبھا میں تشویش کا اظہار

New Delhi: NCP legislator Supriya Sule and Congress MP Ranjeet Ranjan taking a selfie during the inaugural session of the National Conference of Women Legislators in New Delhi on Saturday. PTI Photo
نئی دہلی : ملک میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم پر لوک سبھا میں شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی روک تھام کے لئے مرکز اور ریاستی حکومتوں سے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
کانگریس کی محترمہ رنجیت رنجن نے ایوان میں وقفہ صفر کے دوران یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر، ہریانہ اور اتر پردیش میں خواتین اور لڑکیوں کی آبروریزی کے متعدد ایسے واقعات ہوئے ہیں جن میں متاثرین کو اب تک انصاف نہیں ملا ہے۔
خواتین کے خلاف جرائم ایک سنجیدہ موضوع ہے جس پر سیاست نہیں کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ صرف قانون بنانے اور بات چیت کرنے سے کچھ نہیں ہوگا بلکہ ایسے واقعات کو روکنے کے لئے قوانین پر مؤثر اور ٹھوس عمل کرنے اور مناسب کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی سپریا سولے نے بھی مہاراشٹر میں ایک نابالغ لڑکی کی عصمت دری کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کی ذہنیت کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، تبھی اس طرح کے جرائم کو روکا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوف کے ماحول میں خواتین کی ترقی نہیں ہو سکتی۔ ایسے مسائل پر معاشرے کو مزید بیدار ہونا چاہئے تبھی معاشرے میں حساسیت آئے گی۔