لوک سبھا کی کارروائی لگا تار کے چوتھے روز بھی نوٹ بند کرنے کے خلاف حزب اختلاف کے ہنگامے کی نذر

نئی دہلی:ایک ہزار اور پانچ سو کے نوٹوں کو بند کرنے کے معاملہ پرلگاتار چوتھے روز بھی کوئی کام کاج نہ ہو سکا اور حزب اختلاف کرنسی کی منسوخی کے خلاف اپنے موقف پر اڑی رہی۔جس کے باعث لوک سبھا کا اجلاس جمعہ تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔ اسپیکر سمترا مہاجن کو سماجوادی پارٹی کے مسٹر اکشے یادو کے خلاف سخت رویہ اختیار کرنا پڑا۔ انہوں نے کچھ پھٹے کاغذات ان کے پوڈیم کی طرف اچھال دیئے تھے۔
انہوں نے یہ حرکت وقفہ سوالات کے دوران کی جس کے نتیجے میں کارروائی دوپہر تک کے لئے ملتوی کرنا پڑی۔ اس سے پہلے دس منٹ ہی کارروائی چل پائی۔ محترمہ مہاجن نے سماجوادی پارٹی کے پارلیمانی رکن سے کہا کہ وہ غیر مہذب حرکتوں سے گریز کریں کیونکہ ایسی حرکتیں ایوان کی روایات اور احترام کے خلاف ہیں۔ اسی دوران اپوزیشن اراکین نے اس وقت ایک بار پھر پرشور احتجاج شروع کردیا جب اسپیکر نے ضابطہ 56 کے تحت کرنسیوں کی منسوخی پر بحث کے لئے تحریک التوا مسترد کردی۔
قبل ازیں 11بجے ایوان میں ارکان کے جمعہونے اور اسپیکر کی طرف سے کارروائی شروع کرنے کی اجازت ملنے کے بعد کانگریس کے رہنما ملک ارجن کھڑگے اور ترنمول کانگریس کے سوگت رائے نے تحریک التوا کی منظوری پرزور ڈالنا شروع کیا۔ اسپیکر نے بہرحال ان لوگوں سے کہا کہ وہ وقفہ سوالات کے بعد ہی ان کی بات سنیں گی۔ اس طرح اپوزیشن کا مطالبہ اسپیکر کی طرف سے مسترد کئے جانے کے بعد ایوان میں شور برپا ہوا اور سماجوادی پارٹی کے ایک ممبر نے کچھ کاغذات اسپیکر کے پوڈیم کی طرف اچھال دیئے۔
محترمہ مہاجن نے انتہائی شوروغل کے ماحول میں بھی وقفہ سوالات کو جاری رکھنے کی کوشش کی لیکن کوئی چھ سات منٹ کے بعد انجام کار انہوں نے دوپہر تک کے لئے کارروائی ملتوی کردی۔ .پارلیمنٹ کے اجلاس سرما کے پہلے ہفتہ میں بھی کوئی کام کاج نہیں ہوپایا تھا۔ بڑی کرنسیوں کی منسوخی پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مسلسل ٹھنی رہی۔
لوک سبھا میں اترپردیش کے سابق وزیراعلی اور مدھیہ پردیش کے سابق گورنر رام نریش یادو اور معروف سنگر ، کمپوزر اور موسیقار ایم بالا مرلی کرشنا کے انتقال پر خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔ کابل کی ایک مسجد پر حالیہ دہشت گردانہ حملے کا ذکر کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ یہ ایوان اس دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتا ہے اور ان لوگوں کا سوگ مناتا ہے جنہوں نے اپنی جانیں گنوائیں۔ دہشت پسندانہ حملے میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں دومنٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Lok sabha adjourned for the day due to opposition uproar in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply