بابری مسجد مقدمہ:آڈوانی 12 بی جے پی لیڈروں پر مجرمانہ سازش کا مقدمہ چلایا جائے:سپریم کورٹ

نئی دہلی: ملک کی سپریم کورٹ نے بدھ کے روز رولنگ دی کہ حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی)کے 12لیڈروں بشمول لال کشن آڈوانی، مرلی منوہر جوشی اور اوما بھارتی پر بابری مسجد انہدام مقدمہ چلایا جائے۔جسٹس پی سی گھوش،اور جسٹس آر ایف نریمان پر مشتمل دو ججی بنچ نے حکم جاری کیا کہ لکھنؤ اور رائے بریلی کی عدالتوں میں ان لیڈروں پر چلائے جارہے مقدمات دو سال میں فیصل ہو جانے چاہئیں۔البتہ عدالت عظمیٰ نے ایک اور ملزم کلیان سنگھ کے حوالے سے کہا کہ گورنر کے عہدے پر فائز ہونےکے باعث فی الحال ان کے خلاف الزامات طے نہیں کیے جائیں گے۔ ہاں اس عہدے سے ہٹ جانے کے بعد ان کے خلاف بھی فرد جرم عائد کی جائے۔
مسٹرآڈوانی، مسٹر جوشی اور محترمہ بھارتی کے علاوہ جن لیڈروں کے خلاف مقدمے چلائے جائیں گے ان میں بی جے پی ممبر پارلیمنٹ ونے کٹیار، سادھوی رتمبھرا، ستیش پردھان اور سی آر بنسل شامل ہیں۔ اس صورت میں لکھنؤ اور رائے بریلی دونوں جگہوں پر مختلف مقدمے چل رہے تھے۔ لکھنؤ میں نامعلوم کارسیوکوں کے خلاف جبکہ رائے بریلی میں مسٹر اڈوانی وغیرہ رہنماؤں کے خلاف مقدمے چل رہے ہیں۔ ان لیڈروں پر اشتعال انگیز تقریر کے ذریعے کارسیوکوں کو بابری مسجد منہدم کرنے کے لئے اکسانے کے الزامات ہیں۔ بنچ نے رائے بریلی میں جاری مقدمے کو چار ہفتوں کے اندر اندر لکھنؤ منتقل کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے کہا کہ سماعت روز انہ چلے گی اور اسے دو سال میں مکمل کرنا ہوگا۔
سی بی آئی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ استغاثہ کا ایک گواہ بیان درج کرنے کے لئے سماعت کے دوران نچلی عدالت میں موجود ہو۔ معاملے میں فیصلہ سنائے جانے تک سماعت کرنے والے ججوں کے تبادلے نہیں کئے جائیں گے۔ عدالت نے کہا کہ اس کے احکامات پر من و عن عمل کیا جانا چاہئے۔ اس نے واضح کیا کہ اگر کسی پارٹی کو ایسا لگتا ہے کہ عدالت کے ہدایات پر عمل نہیں کیا جا رہا ہے تو اسے عدالت عظمی سے رجوع کرنے کی اجازت ہوگی۔ گزشتہ چھ اپریل کو بنچ نے فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ نچلی عدالت نے ان لیڈروں کو مجرمانہ سازش کے الزامات سے بری کر دیا تھا، جسے الہ آباد ہائی کورٹ نے 21 مئی 2010 کو برقرار رکھا تھا۔ اس کے بعد سی بی آئی نے عدالت کی پناہ لی تھی۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Lk advani to be tried for criminal conspiracy in babri masjid case in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply