مذبح بند کر دیے جانے سے اٹاوہ سفاری پارک کے شیروں کے نصیب جاگ گئے

اٹاوہ: اترپردیش کی آدتیہ ناتھ یوگی حکومت کی طرف سے غیر قانونی طور سے چلنے والے مذبح اور دکانوں کو بند کرنے کے فرمان کے بعد یہاں شیروں کا پیٹ بھرنے کے لئے بھینس کے گوشت کے بجائے اب بکرے کا گوشت بہم پہنچایا جارہا ہے جو کہ بھینس کے گوشت سے ساڑھے تین گنا زیادہ قیمت کاہے۔ اٹاوہ سفاری پارک کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر انل کمار پٹیل نے خبر رساں ایجنسی ’یو این آئی‘ کو بتایا کہ سفاری پارک میں چھ جوان شیر اور ان کے دو بچے سمیت آٹھ شیر ہیں۔ ان کو کھانے کے لئے بھینس کا گوشت دیا جاتا رہا ہے۔ گزشتہ کئی دن سے گوشت کی دستیابی نہ ہونے کی وجہ سے شیروں اور ان کے بچوں کو بکرے اور مرغ کا گوشت کھانے کے لئے دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیروں کے لئے بکرے اور مرغ کے مقابلے بھینس کا گوشت زیادہ بہتر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اکیلے اٹاوہ کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ لکھنؤ اور کانپور کے چڑیاگھر کو بھی اس بحران سے گزرنا پڑ رہا ہے۔ اس مسئلہ کو جلد دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
سفاری میںگوشت سپلائی کرنے والے ٹھیکیدار حاجی نظام کا کہنا ہے کہ ابھی تک شیروں کے لئے بھینس کا گوشت دستیاب کرایا جاتا تھا۔ بوچڑ خانے بند ہونے اور گوشت نہ مل پانے کی وجہ سے شیروں کے لئے ہر روز 50 کلو بکرے کا گوشت بھیجا جا رہا ہے۔ ٹھیکیدار کے مطابق اس سے انہیں بہت نقصان ہو رہا ہے، لیکن شیر بھوکا نہ مرے، اس لیے وہ بکرے کا گوشت فراہم کر رہے ہیں۔ حاجی نظام نے کہا انہیں نہیں پتہ کہ کتنے دن وہ ایسا کر پائیں گے۔ ٹھیکیدار نے ریاستی حکومت سے اپیل کی کہ اس طرف فوری توجہ دیں اور کم سے کم شیر سفاری میں شیروں کی خاطر پڈے کا گوشت فراہم کرنے کی اجازت دے دی جائے۔ غور طلب ہے کہ اٹاوہ ملائم سنگھ یادو خاندان کا گڑھ ہے۔ اٹاوہ کے لیے سیاحت کے نقشے پر جگہ دینے کے لئے سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے یہاں شیر سفاری کا ڈریم پروجیکٹ شروع کیا تھا۔ اس وقت سفاری میں تین جوڑے شیر شیرنی ہیں۔ حال ہی میں شیرنی جیسکا نے دو بچوں سلطان اور سنبھا کو بھی جنم دیا تھا۔
اٹاوہ سفاری پارک میں شیروں کے علاوہ ہرن سفاری میں تین درجن سے زیادہ ہرن موجود ہیں۔ اکھلیش یادو حکومت کی مدت کے دوران یہاں بھالو اور چیتوں کو بھی لانے کی منصوبہ بنایا گیا تھا۔ یہاں کل چار سفاریاں بنائی جانا تھیں، ان میں سے ڈیر سفاری کا افتتاح اکھلیش یادو نے چھ اکتوبر 2016 کو کیا تھا۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نافذ ہونے کی وجہ سے پہلے یہاں ریستوران، 4 ڈی تھیٹر کا کام مکمل نہ ہونے کی وجہ سے ٹال دیا گیا تھا۔ ایس پی حکومت میں اٹاوہ سفاری کا کام کاج چلتا رہے اس کے لئے 100 کروڑ کا فکسڈ ڈپازٹ کر دیا گیاتھا تاکہ سود سے ہی اخراجات پورے کئے جاتے رہیں۔ اس کے علاوہ سفاری میں آنے والے لوگوں سے ٹکٹ کے ذریعے بھی رقم جمع کرنے کا انتظام تھا۔ اٹاوہ سفاری پارک کے نظم کو دیکھنے کے لئے ایک کمیٹی ہے جس کے صدر ریاست کے وزیر اعلیٰ ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ پردیش کے جنگلات کے سیکریٹری سمیت کئی افسران بھی اس کمیٹی میں شامل ہیں۔ اٹاوہ سفاری پارک کا کیا مستقبل ہو گا یہ تو اب پردیش کی نئی حکومت کی ہدایات پر ہی انحصار کرے گا لیکن یہاں کے شیر تو نہیں جانتے کہ لکھنؤ کی سیاسی فضا بدل جانے سے ان کے کھانے کے ہی لالے پڑ جائیں گے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Lions and two cubs of etawah safari park are these days eating mutton in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News
Tags: ,

Leave a Reply