نتیش کمار سب سے بڑے موقع پرست اور غدار ہیں، ان سے سنبھل کررہنے کی ضرورت:لالو

پٹنہ: (یو این آئی) راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو نے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کے خلاف حملہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جب بھی ملک میں اقلیت، دلت اور پسماندہ طبقات کو متحد کرنے کی کوششیں ہوئیں مسٹر کمار نے ہمیشہ اسے پارہ پارہ کرنے کی ہی کوشش کی ہے۔ مسٹر یادو نے آج سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ فیس بک پر پوسٹ کیا ہے کہ جب پورے ملک میں منڈل (پسماندہ) کی سیاست عروج پر تھی اور بہار میں ان کی اور اترپردیش میں مسٹر ملائم سنگھ اور آنجہانی کانشی رام کی حکومت تھی۔ تب صدیوں سے ستائے ہوئے، محروم طبقات، نظرانداز کئے گئے افراد، دلت، اقلیت اور پچھڑوں کا اتحاد انتہا پر تھا، تمام لوگ ایک دوسرے کے درد کے پارٹنر بن کر ایک ہی ہار کے خوبصورت موتی بن رہے تھے۔ اس دور میں اپنی تنگ ذہنیت اور انتہائی بلندہونے کے خواب کی وجہ سے مسٹر نتیش کمار ان طبقات کے مفادات کو بالائے طاق رکھ کر راشٹریہ سویم سیوک (آر ایس ایس) کی گود میں جا کر کھیلنے والے پہلے پسماندہ لیڈر تھے۔
آر جے ڈی سربراہ نے کہا کہ بابری مسجد منہدم کرنے کے بعد جب مسٹر لال کرشن اڈوانی ملک بھر میں گھوم رہے تھے تب مسٹر کمار 1994 میں بمبئی میں مسٹر اڈوانی کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں لے کر اتحاد کا مظاہرہ کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کمار بی جے پی لیڈروں کے ساتھ گھوم گھوم کر اس وقت آرایس ایس کو مضبوط کرنے کی وکالت کرتے تھے جس وقت بی جے پی اور آر ایس ایس منڈل کمیشن، ریزریشن اور غریبوں کی شرکت کی مخالفت کر رہا تھا۔ مسٹر یادو نے کہا، “آج پھر 2017 میں جب اقلیت، دلت اور پسماندہ طبقات کو متحد کرکے ہم ملک اور بابا صاحب کا آئین بچانے کی کوشش کر رہے تھے تب یہ پلٹورام ہمارے اتحاد کو دتکار کر پھر اپنے آقاؤں کی گود میں کھیلنے چلے گئے۔ “انہوں نے کہا کہ مسٹر کمار دلتوں، پچھڑوں کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔
مسٹر کمار نے ہی آرایس ایس کے اشارے پر محروم سماج کو تقسیم کرنے کا کام کیا ہے۔ آر جے ڈی سربراہ نے کہا کہ سنگھ کھل کر ان طبقات کی مخالفت کرتا ہے اور منوواد کی حمایت کرتا ہے لیکن مسٹر کمار تو اس سے بھی خطرناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کمار متاثرین اور غریبوں کے ساتھ رہ کر ان کے مقاصد کو سمجھ کر ان کی پیٹھ میں خنجر گھوپتے ہیں۔ مسٹر یادو نے کہا کہ ان طبقات کا مسٹر کمار سے بڑا کوئی دشمن نہیں ہے۔ مسٹر کمار سب سے بڑے موقع پرست اور غدار ہیں۔ سب کو ان سے سنبھل کررہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگ یہ نہ بھولیں کہ مسٹر کمار اپنے مفاد کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو بھی چھوڑ چکے ہیں۔
اس دوران مسٹر یادو نے جنتا دل یونائٹیڈ (جے ڈی یو) کے سینئر لیڈر شرد یادو کو اپنی حمایت میں لانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ مسٹر یادو نے مسٹر شرد یادو کی پرانی تصویر فیس بک اور ٹوئٹر پر پوسٹ کی ہے جس میں مسٹر شرد یادو ہسپتال میں داخل نظر آ رہے ہیں اور مسٹر لالو پرساد یادو ان حال چال پوچھتے دکھائی دے رہے ہیں۔ آر جے ڈی سربراہ نے اس تصویر کو پوسٹ کرتے ہوئے پوچھا ہے، “نتیش بتاؤ منڈل کمیشن لاگو کرانے میں تمہارا کیا رول تھا۔ ہم نے اور شرد یادو نے اس کے لئے جدوجہد کیا۔ ہم دونوں نے منڈل کمیشن لاگو کرانے کے لئے کیا کیا کیا تم کیا جانتے ہو۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Lalu yadav shared a photo with sharad yadav and attack on nitish kumar in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply