گؤ رکشا کے نام پر لوگوں کا قتل ناقابل قبول،گائے کی سیوا ہی گؤ بھکتی ہے:وزیر اعظم نریندر مودی

احمد آباد: اس وقت ہندوستان میں کشمیر سے کنیا کماری تک جس طرح گؤ رکشاکے نام پر آئے روزہجومی تشدد میں بے قصوروں کو بے رحمی سے پیٹ پیٹ کر ہلاک کرنے کے واقعات ، خاص طور پر گذشتہ ایک ہفتہ کے دوران یکے بعد دیگرے اس قسم کی کئی وارداتوں اور اس کے خلاف ملک گیر پیمانے پر احتجاج اور قومی دارالحکومت کے جنتر منتر پر ہر شعبہ حیات اور طبقہ و فرقہ کے لوگوں اور سماجی، ملی و مذہبی تنظیموں کے زبردست مظاہروںنے آخر کار وزیر اعظم نریندر مودی کو گؤ رکشکوں کو نہایت سخت انتباہ دینے پر مجبور کر دیا۔
وزیر اعظم نے اپنی آبائی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں اس معاملہ پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ گؤرکشکوں کا لوگوں کو ہلاک کرنا ہر گز قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے بھیڑ کے ہاتھوں پیٹ پیٹ کر ہلاک کرنے کی وارداتوں کے حوالے سے مزید کہا کہ گؤرکشکوں کو گائے کی سیوا مہاتما گاندھی اور ونوبھا بھاوے سے سیکھنا چاہیے۔ گؤ رکشا کے نام پر تشدد کیوں۔ موجودہ صورت حال پر بہت تکلیف ہوتی ہے۔ گؤرکشکوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ گائے کی سیوا ہی گائے کی بھکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی ضرورت نہیں ۔قانون اپنا کام کرے گا۔انہوں نے کہا کہ تشدد مسائل کا حل نہیں ہے۔
ہمارا ملک عدم تشدد اور گاندھی کا ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ جو ملک چیونٹی کو بھی کچھ کھلانے میں یقین رکھتا ہے جو ملک گلی میں آوارہ کتوں کو بھی کچھ کھلانے میں یقین رکھتا ہے اس دیش کے لوگوں کو کیا ہو گیا ہے ۔کیوں وہ کسی کے خون کے پیاسے ہو جاتے ہیں۔ اگر کسی نے کچھ غلط کیا ہے تو اس سے قانون نپٹے گا ۔کوئی قانون اپنے ہاتھ میںلے کر جج بننے اور سزا دینے کا حق نہیں رکھتا۔
واضح رہے کہ اسی قسم کا بیان وزیر اعظم گذشتہ سال اگست میں بھی دے چکے ہیں۔ لیکن آج انہوں نے اس قسم کی وارداتوں پر جس طرح نہایت درجہ کی قلبی و ذہنی تکلیف اور تشویش کا اظہار کیا اور جس طرح گؤ رکشا کی آڑ لوگوں کو ہلاک کرنے والوں کو سخت انتباہ دیا اس سے یہ آثار نمایاں ہو گئے ہیں کہ اس قسم کی وارداتیں کرنے والوں پر اب شکنجہ کس دیا جائے گا۔اور شاید اب کوئی ان واقعات کو نہیں دوہرا سکے گا۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Killing people in name of protecting cows unacceptable says pm modi in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply