نابھاجیل سے فرار کے ایل ایف کا سربراہ ہرمندر منٹو دہلی میں گرفتار

نئی دہلی: دہلی پولیس نے پنجاب میں پٹیالہ کے نابھا جیل سے فرار ہوئے خالصتان لبریشن فورس (کے ایل ایف) کے دہشت گرد ہرمندر سنگھ منٹو کو آج یہاں گرفتار کر لیا۔ منٹو اتوار کی صبح پانچ دیگر قیدیوں کے ساتھ جیل سے فرار ہوگیا تھا۔دہلی پولیس نے بتایا کہ منٹو کو پنجاب پولیس کے ساتھ چلائی گئی مشترکہ مہم کے دوران پرانی دہلی ریلوے اسٹیشن سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ کسی ٹرین میں سوار ہونے والا تھا۔اس کی گرفتاری میں دہلی پولیس کی کرائم برانچ اور خصوصی فورس نے اہم کردار نبھایا۔ پنجاب پولیس نے منٹو کے چھپے ہونے کی اطلاع دہلی پولیس کو فراہم کرائی تھی جس کی بنیاد پر اسے فرار ہونے کے 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا گیا۔
اسے کسی نامعلوم مقام لے جایا گیا ہے جہاں آئی بی اور دہلی پولس اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔اس نے ابتدائی تحقیقات میں بتایا کہ اس کے فرار میں جیل کے اندر ہی دو ملازمین اور ایک قیدی نے مدد کی تھی۔ واضح رہے کہ پولیس کے بھیس میں ملبوس نامعلوم حملہ آوروں نے اتوار کی صبح پنجاب میں ضلع پٹیالہ کی نابھا ہائی سیکورٹی جیل پر حملہ کرکے خالصتان لبریشن فورس (کے ایل ایف) کے سربراہ ہرمندر سنگھ مٹا سمیت چھ مجرموں کو جیل سے فرار کرا دیاتھا۔
پانچوں مفرور قیدیوںکی شناخت امن پریت ٹوڈا، وکی گوڈر، وکرمجیت بیکا، گرپریت اور نیٹو دیول کے طورپر کی گئی ہے۔ واقعہ یوں بتایاجاتا ہے کہ اتوار کی صبح حملہ آور ، جو پولس کی وردی میں ملبوس تھے،اپنے ایک ساتھی کو فرضی قیدی کے طور پر ہتھکڑی پہنا کردو گاڑیوں میں بٹھا کر لائے اورجیل کا مین گیٹ کھلوا کر اندر داخل ہوئے اور اندر گھستے ہی جیل کے تمام ملازمین کو بندوقوں کی نال پر قابو کرکے اندر کے دروازے کھلوا تے ہوئے اپنے نتظار میں بیٹھے ساتھیوں تک پہنچ گئے۔ بعد ازاں یہ حملہ آور100راؤنڈ ہوائی فائر کرتے ہوئے ساتھیوں کے ساتھ فرار ہو گئے۔ صوبائی حکومت نے اس معاملے میں فوری اور سخت کارروائی کرتے ہوئے پولیس ڈائریکٹر جنرل کو معطل کرکے جیل سپرنٹنڈنٹ اور ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو بر طرف کر کے پنجاب اور اس سے متصل پاکستانی سرحد اور پڑوسی ریاستوں کے آس پاس ہائی الرٹ جاری کر دیا تھا۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Khalistan libration force chief harminder singh mintoo arrested at delhi rly station in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply