کیرل کے سیلاب زدگان کو بچانے والے ساڑھے چار ہزار ماہی گیروں کو ریاستی حکومت نے انعام و اکرام سے نوازا

تھیرو اننت پورم:کیرل میں بارشوں اور سیلاب سے بری طرح متاثر ہونے والوں کی مدد کرنے والے ماہی گیروں کے احسان کا بدلہ احسان اور انعام و اکرام سے چکاتے ہوئے ریاستی حکومت نے ایک تقریب منعقد کر کے ان کوسنہری شال اوڑھا کر 3000روپے نقد انعام اور دیگر تحائف پیش کیے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پینارائی وجئین، وزیر محصولات ای چندر شیکھرن اور چیف سکریٹری ٹام جوز ڈائس پر موجود تھے۔لیکن انہوں نے اپنی تقریروں میں وقت ضائع کیے بغیر ریاست کے مختلف حصوں میں 65ہزار لوگوں کی جان بچانے والے ماہی گیروں کو شال و نقد و جنس کی شکل میں انعامات و تحائف سے سرفراز کیا۔

واضح ہو کہ 4537ماہی گیر سیلاب آتے ہی 669کشتیاں لے کر نکل کھڑے ہوئے اور ڈوبتے لوگوں کا نہ صرف سہارا بنے بلکہ ان کی جان بچا کر انہیں محفوظ مقام تک بھی پہنچایا۔یہ معلوم کیے جانے پر کہ ماہی گیروں کو اعزاز سے سرفراز کرنے میں اتنی تاخیر کیوں برتی گئی بتایا گیا کہ ان ماہی گیروں کو بچاؤ کے کام کے دوران چوٹیں بھی آئی ہوں گی جو بھلے ہی نظر نہ آرہی ہوں لیکن اندرونی ہو سکتی ہیں اس لیے انہیں فوری طور پر مدعو کرنا مناسب نہیں تھا۔

وزیر اعلیٰ نے فضائیہ، بحریہ،نیم فوجی دستوں اور ریاستی پولس کی بھی ستائش کی۔انہوں نے ریاست کے نوجوانوں کی بھی خوب تعریف کی جنہوں نے کسی کے حکم یا اپیل کے بغیر ہی بچاؤ کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Kerala honours fishermen for saving lives during floods in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply