سیلاب زدہ بہار کو نظر انداز کرنے پرجے ڈی یو کا مرکز اور اس کے وزیروں کو انتباہ

پٹنہ: بہار میں حکمراں مہاگٹھ بندھن (عظیم اتحاد) کے اتحادی جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) نے مرکز میں بہار کوٹے کے سات وزراءکو آج سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر جلد سیلاب متاثرین کے لئے امدادی پیکیج کا اعلان نہیں کرواتے ہیں تو انہیں ریاست میں گھسنے نہیں دیا جائے گا۔ جے ڈی یو کے ریاستی ترجمان اور قانون ساز کونسل کے رکن سنجے سنگھ نے یہاں کہا کہ مرکز میں بہار کوٹے کے سات وزیر ریاست کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد راحت کیمپوں میں جا کر اپنی تصویر کھنچوا رہے ہیں۔
تمام مرکزی وزیر ریلیف کیمپوں کی تصویر کو سوشل میڈیا پر ڈال کر یہ بتانے کی کوشش میں لگے ہیں کہ انہیں بہار کے لوگوں کی کتنی فکر ہے۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ بہار میں بڑے پیمانے پر سیلاب کے دوران جان و مال کا نقصان ہوا ہے اور اب تک مرکزی حکومت کی جانب سے ریلیف پیکج کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت بہار کے ساتھ سوتیلا سلوک کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی سیلاب متاثرین کے لئے امدادی پیکیج کا اعلان نہیں کیا گیا تو پارٹی تحریک شروع کرے گی۔
جے ڈی یوکے ترجمان نے کہا کہ کوئی نہ کوئی مرکزی وزیر ان دنوں بہار کے دورے پر آ رہا ہے۔ ان وزرا کے دورہ کرنے کے باوجود بہار میں سیلاب کے بعد کیسی تصویر ابھر کر سامنے آئی ہے، اس پر وہ کچھ نہیں بول رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز سے سیلاب ریلیف فنڈ میں اب تک بہار کو ایک پیسے کی مدد نہیں ملی ہے۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ بہار کے دورے پر آنے والے مرکزی وزیر ریلیف کیمپوں میں” روٹیتو کھا رہے ہیں بہار کی ،لیکن گن گا رہے ہیں مرکز کے“۔
کشمیر میں سیلاب آنے پر مرکزی حکومت نے فوری طور پر ریلیف پیکیج کا اعلان کیا تھا، لیکن بہار کے ساتھ ایسا اب تک کیوں نہیں کیا گیا۔ جے ڈی یو کے ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ابھی تک ریاست کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ نہیں لیا ہے۔ وزیر اعلی نتیش کمار نے وزیر اعظم کو بہار میں آنے والے سیلاب کی صورت حال سے آگاہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بہار اسمبلی کے انتخابات میں قومی جمہوری اتحاد کو ملنے والی زبردست شکست کی وجہ سے ہی یہاں کے لوگوں کے ساتھ انتقامی جذبے سے مرکزی حکومت کام کر رہی ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Jdu warns central ministers in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News
Tags:

Leave a Reply