وادی کشمیر میں حزب کمانڈربرہان وانی کی ہلاکت کے بعد 100 نوجوان حزب المجاہدین اور لشکر طیبہ میں شامل

نئی دہلی: وادی کشمیر میں گذشتہ برس کے 8 جولائی کو حزب المجاہدین کمانڈر برہان مظفر وانی کی ہلاکت کے بعد سے اب تک قریب ایک سو مقامی نوجوانوں نے بندوقیں اٹھاکر جنگجو تنظیموں بالخصوص حزب المجاہدین اور لشکر طیبہ کی صفوں میں شمولیت اختیار کی ہے۔ یہ انکشاف انڈیا ٹوڈے نے اپنی ایک رپورٹ میں کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’سنگبازی‘ جو پہلے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے سیول لائنز علاقہ مائسمہ اور پائین شہر کے چند گنے چنے علاقوں تک محدود تھی، اب کشمیر کے دیہی علاقوں تک پھیل گئی ہے اور اس میں برہان وانی کی ہلاکت کے بعد غیرمعمولی اضافہ درج کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ دیہی علاقوں میں نوجوان سنگباروں کے ہجوم زیادہ ہی جنونی ہوتے ہیں اور ان میں 4 اور 5 سال کی عمر کے بچے بھی شامل ہوتے ہیں۔ ذرائع نے کہا ہے کہ دیہی علاقوں میں سنگباری کے واقعات میں اضافے کے سبب سیکورٹی فورسز کو انسداد دہشت گردی کارروائیوں کے دوران خاصی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زیادہ تر ممبران اسمبلی حملوں کے خوف کی وجہ سے اپنے حلقوں کا دورہ کرنے سے بھی ڈرتے ہیں۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وادی کی زمینی صورتحال یہ ہے کہ گذشتہ چند برسوں کے دوران سنگباری کے واقعات میں غیرمعمولی اضافہ درج کیا گیا ہے اور سیکورٹی فورسز کے مطابق ریاستی سرکار کی لوگوں تک پہنچنے کی نااہلیت اس کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ زیادہ تر ممبران اسمبلی حملوں کے خوف کی وجہ سے اپنے حلقوں کا دورہ کرنے سے بھی ڈرتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ (محبوبہ مفتی) نے گذشتہ چند مہینوں کے دوران کچھ علاقوں کا دورہ کیا لیکن وہ ہمیشہ چاروں طرف سے سیکورٹی فورس اہلکاروں سے گھری ہوئی ہوتی ہیں جس کی وجہ سے مقامی لوگ ان سے بات نہیں کرپاتے ہیں۔ رپورٹ میں ایک عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا ہے وہ اننت ناگ سے منتخب ہوئی ہیں لیکن وہ وہاں کبھی نہیں جاتیں۔ فوجی سربراہ لیفٹیننٹ جنرل بپن راوت کی سنگبازوں کو حالیہ وارننگ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ان ریمارکس کی وجہ سے سیکورٹی فورسز کو مستقبل قریب میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سنگبازوں کے خلاف شروع کیے گئے کریک ڈاؤن کا اثر عارضی نہیں ہے بلکہ آنے والا گرمی کا موسم ایک بار پھر گرم ثابت ہوسکتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے غیرملکی جنگجو بہادر علی کے خلاف تیار کردہ فرد جرم میں کہا ہے کہ برہان وانی کی ہلاکت کے بعد شروع ہونے والے ایجی ٹیشن کے دوران لشکر طیبہ کے انتہا پسند کھلے عام سنگبازوں کے ہجوم میں شامل ہورہے تھے ۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Jammu and kashmir security forces worried as stone pelting incidents rise in rural areas in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply