بابری مسجد معاملہ میں سپریم کورٹ کا فیصلہ قابل صدہا تحسین: مولانا ارشد مدنی

نئی دہلی:جمعیت علماءہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے بابری مسجد انہدام کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو ملک کی جمہوریت،قانون کی بالا دستی اور عوام کے آئین و قانون میں اعتماد کے تحفظ کی سمت ایک انتہائی مثبت بلکہ تاریخی قدم قرار دیا ہے۔ واضح ہو کہ سپریم کورٹ نے آج ہدایت دی ہے کہ بابری مسجد سے متعلق لکھنؤ اور رائے بریلی دونوں جگہ جاری مقدمے کوایک جگہ کر کے اب لکھنؤ کی خصوصی عدالت میں چلایا جائے ، سماعت روزانہ ہوگی، کسی بھی دن سماعت ملتوی نہیں ہوگی ، سماعت کے دوران مجسٹریٹ کا تبادلہ نہیں کیاجائے گا۔
عدالت میں سماعت کے دوران سی بی آئی کی جانب سے روزانہ کم سے کم ایک گواہ ضرور موجود رہے گا اور عدالت کو دوسال کے اندر فیصلہ سنانا ہوگا۔نیز سپریم کورٹ نے بابری مسجد انہدام کی سازش میں ملوث ہونے کے معاملے میں سابق نائب وزیر اعظم لال کرشن اڈوانی، مرلی منوہر جوشی اور اوما بھارتی سمیت 12ملزمان کے خلاف مقدمہ چلانے کی ہدایت بھی دی ہے۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلہ کو مولانا سید ارشد مدنی نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے امن پسنداور قانون کی بالا دستی میں یقین رکھنے والے ملک کے عوام کا آئین و قانون کے تئیں اعتماد مزید مضبوط اور مستحکم ہوا ہے۔مولانا مدنی نے کہا کہ جب بھی کسی ملک میں کوئی پارٹی یا شخصیت بر سر اقتدار آتی ہے تووہ ملک کو اپنی خواہشات و مفادات کے مطابق چلانے کی کوشش کرتی ہے۔
ایسے میں آئین و قانون کا تحفظ کرنے والی ایجنسیوں بالخصوص عدلیہ کا یہ اہم فرض بن جاتا ہے کہ وہ بر سر اقتدار جماعت یا فرد کو ایساکوئی کام نہ کرنے دے جو ملک کے آئین ، قانون اور روایات کی خلاف ورزی کرنے والا ہو۔ مولانا مدنی نے مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں صدر منتخب ہو جانے کے بعدڈونالڈ ٹرمپ نے جب اپنی خواہشات تھوپنے کی کوشش کی تو نہ صرف یہ کہ امریکہ کے انصاف پسند عوام سڑکوں پر نکل آئے بلکہ قانو ن اورآئین کا تحفظ کرنے والے ادارے بھی حرکت میں آ گئے اور ملک کے قانون، آئین اورروایات سے ٹکرانے والے ٹرمپ کے احکامات کو خارج کر دیا گیا۔ اس کے خلاف انتظامیہ کی جانب سے اپیل کی گئی تو اسے بھی عدلیہ نے مسترد کر دیا۔ا سکا نتیجہ یہ نکلا کہ اب امریکہ میں سب کچھ اپنی سابقہ روایات کے مطابق چل رہا ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Jamiat ulama i hind welcomes scs decision in babri masjid case in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply