مدھیہ پردیش کے اندور اوربھوپال ملک کے سب سے زیادہ صاف ستھرے شہر

نئی دہلی: مدھیہ پردیش کے تجارتی شہر اندور کو سب سے زیادہ صاف شہر قرار دیا گیا ہے جبکہ بھوپال کو سوچھ ابھیان سروے میں دوسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ تیسرے مقام پر آندھرا پردیش کے ساحلی شہر وشاکھاپٹنم ہے۔ سوچھ ابھیان میں قومی دارالحکومت نئی دہلی کو ساتواں مقام حاصل ہوا ہے اور ہریانہ کے فرید آباد کو ملک میں سب سے تیزی کے ساتھ تیار ہونے والے شہر کے درجے سے نوازا گیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ کے بنارس کو سوچھ ابھیان میں 32 واں مقام دیا گیا ہے۔ مرکزی شہری ترقیات کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے آج یہاں سوچھتا سروے 2017 کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ صاف صفائی کے لئے ملک کے 434 شہروں میں انڈین اسٹینڈرڈ کونسل سے سروے کرایا گیا۔ شہروں کے صاف صفائی کے لئے کئے گئے اقدامات کی زمینی سطح پر تیسری پارٹی سے 17500 مقامات پر جانچ کرائی گئی۔ یہ سروے تقریبا دو ماہ جنوری اور فروری میں کیا گیا اور لوگوں کے جوابات اور تفتیشی ٹیم کی رپورٹ کی بنیاد پر شہروں کی درجہ بندی کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ سوچھتا سروے 2017 میں گجرات کا سورت شہر چوتھے نمبر پر، کرناٹک کا میسور پانچویں مقام پر اور تمل ناڈو کا تروچراپلی چھٹے مقام پر رہا ہے۔ اس کے علاوہ سروے میں مہاراشٹر کے نوی ممبئی کو آٹھواں، آندھرا پردیش کے تروپتی کو نواں اور گجرات کے بڑودہ کو 10 واں مقام حاصل ہوا ہے۔

Title: indore ranked cleanest city in india gonda in up the dirtiest govt survey | In Category: ہندوستان  ( india )

Leave a Reply