اسلامک یونیورسٹی آف مدینہ میں ایک ہندوستانی اسکالر کی نمایاں کامیابی

مدینہ منورہ: اسلامک یونیورسٹی آف مدینہ منورہ سعودی عرب میں ایک ہندوستانی اسکالر عبد ا لصبور ابو بکر نے حدیث فیکلٹی میں ممتاز اور نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
انھیں امتیازی نمبروں اور اعلیٰ اعزاز کے ساتھ پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی گئی اور یونیورسٹی کی جانب سے ان کے مقالے کو شائع کرنے اور دوسری یونیورسٹیوں میں بھیجنے کا بھی اعلان کیا گیا۔ ایسا فیصلہ یونیورسٹی کی جانب سے شاذ و نادر ہی کیا جاتا ہے۔
ریاست اترپردیش کے ضلع بلرامپور کے موضع طیب پور کے باشندے عبد ا لصبور کے مقالے کا عنوان ہے ”وہ ثقات تابعین جن کا صحابہ سے ثبوت سماع میں اختلاف ہے“۔ انھوں نے اپنا مقالہ پروفیسر ڈاکٹر حافظ بن محمد الحکمی کی زیر نگرانی مکمل کیا۔
گذشتہ روز یونیورسٹی کی حدیث فیکلٹی میں طیبہ یونیورسٹی مدینہ منورہ کے پروفیسر ڈاکٹر عبد اللہ بن فوزان الفوزان، ڈاکٹر مقبل بن مریشد الرفیعی اور دیگر پروفیسروں اور اساتذہ، طلبہ و اسکالروں کی موجودگی میں نتیجے کا اعلان کیا گیا اور ان کے مقالے کو شائع کرکے دیگر یونیورسٹیوں میں اسکالروں کے استفادے کے لیے بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔
مذکورہ اسکالر نے جامعہ سلفیہ بنارس سے عا لمیت اور جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ سے ایم اے کی ڈگری حاصل کی ہے۔ ہندوستان سے تعلق رکھنے والے اساتذہ، طلبہ اور اسکالروں نے عبد ا لصبور ابو بکر کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

Title: indian student significant success at islamic university of madinah | In Category: ہندوستان  ( india )

Leave a Reply