علاج کے لیے ہندوستان آنے والے پاکستانیوں کو ویزا جاری کیا جائے گا:سشما سوراج

نئی دہلی:ہندوستان کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اعلان کیا ہے کہ علاج کی غرض سے ہندوستان آنے والے پاکستانیوں کو ویزے جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے ٹوئیٹر پر اس بات کا اعلان کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہندوستان کے یوم آزادی کے عظیم موقع پر ہم تمامتر معاملات کو ایک طرف رکھتے ہوئے طبی ویزا فراہم کریں گے۔ وہ پاکستانی شہری جو واقعتاً علاج کی غرض سے ہندوستان آنا چاہتے ہیں اور ان کی درخواستیں زیر التوا ہیں ، انہیں بھی ویزے جاری کر دیے جائیں گے۔
سشما سوراج نے اپنی ٹوئٹ میں ہندوستانی ہائی کمیشن واقع اسلام آباد کو بھی ٹیگ کیا ہے۔پاکستان کی ایک کینسر کی مریضہ فائزہ تنویر نے کچھ عرصہ قبل ہندوستانی وزارت خارجہ کو خط لکھا تھا۔ اس خط میں مریضہ نے درخواست کی تھی کہ انہیں فوری سرجری کی ضرورت ہے جوکہ ہندوستان میں ممکن ہے لہذا انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر علاج کی خاطر ویزا جاری کیا جائے۔ اس کے بعد وزیر خارجہ سشما سوراج نے یقین دہانی کروائی تھی کہ انہیں ویزا جاری کر دیا جائے گا۔
علاوہ از ایں گزشتہ ماہ ایک چار سالہ پاکستانی بچے کو دل کی سرجری کے لیے ویزا جاری کیا گیا تھا۔یہاں یہ بات قبل ذکر ہے کہ تمام تر اختلافات اور کشیدگی کے باوجود ہندوستان نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان کے مشیر برئے امور خارجہ سرتاج عزیز کے محض سفارشی مکتوب پر بھی پاکستانی شہری کو ویزا جاری کر دیا جائے گا۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: India to issue medical visas for pakistanis in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply