مستقبل میں ہند ۔سعودی دوطرفہ تعلقات نئی بلندیاں چھو سکتے ہیں: سعودی سفیر سعود بن محمد الساطی

نئی دہلی: (یو این آئی) ہندوستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر سعود بن محمد الساطی نے ہندوستان کو سعودی عرب کی ترقی کے سفر میں اسٹریٹیجک پارٹنر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات نئی بلندیوں کو چھوسکتے ہیں۔ مملکت سعودی عربیہ کے قومی دن کے موقع پر دئے گئے اپنے پیغام میں ڈاکٹر الساطی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کی جڑیں کافی گہرائی تک پیوست ہیں اور بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون اور دونوں ملکوں کے عوام کے مابین باہمی رشتوں کے مدنظر آنے والے دنوں میں یہ تعلقات نئی بلندیاں طے کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ”دونوں ملکوں کے مابین تاریخی دوستی جاری رہے گی اور پارٹنر شپ اور تعاون کے ذریعہ اسے مزید فروغ حاصل ہوگا۔“
خیال رہے کہ گذشتہ برس وزیر اعظم نریندر مودی کے سعودی عرب کے دورہ کے بعد دونوں ملکوں کے اقتصادی اور اسٹرٹیجک تعلقات میں کافی اضافہ ہو اہے۔2016میں دونوں ملکوں کے مابین 63880ملین سعودی ریال کی برآمدات اور 19662ملین سعودی ریال کی درآمدات ہوئیں۔ہندوستان میں راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کے لحاظ سے سعودی عرب پندرہواں سب سے بڑ املک ہے جب کہ عرب ملکوں میں اس کا نمبر دوسرا ہے۔ایف ڈی آئی کے لحاظ سے پہلے نمبر پر متحدہ عرب امارات ہے۔ ڈاکٹر الساطی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور ہندوستان کے درمیان مشترکہ ثقافتی اور عوامی تعلقات کی قدیم تاریخ رہی ہے۔اس صدی کے اوائل میں سعود ی عرب میں مقیم ہندوستانیوں کی تعداد ڈیڑھ ملین تھی جو اب بڑھ کر تین ملین سے زیادہ ہوگئی ہے۔سعودی عرب کی اقتصادی ترقی میں ہندوستانیوں نے اہم رول ادا کیا ہے ان میں ڈاکٹر، انجینئر، آئی ٹی پروفیشنلس ، مزدور ، ماہرین تعلیم، سائنس داں وغیرہ شامل ہیں۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: India saudi arabia strategic partner saudi ambassador saud bin mohammed al sati in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply