چین نے 2012 کے معاہدہ کی خلاف ورزی کی: ہندوستان

نئی دہلی(یو این آئی) :ہندوستان نے سکم کے ڈوکلام علاقے میں چینی فوج کی سرگرمیوں کو اپنی سلامتی کے لئے تشویش ناک قراردیا اور چین کو 2012 کے باہمی اتفاق رائے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور بھوٹان کی رضامندی کے بغیر اس علاقے میں اس کی کوئی بھی تعمیر ی سرگرمی جائز نہیں ہے۔ وزارت خارجہ نے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیان پر ردعمل کرتے ہوئے آج تفصیل کے ساتھ اپنا موقف پیش کیا۔ا س نے کہا کہ ہندوستان چین کی سرگرمیوں سے کافی فکر مند ہے اور اس نے چینی حکومت کو آگاہ کرایا ہے کہ ڈوکلام علاقے میں اس طرح کی تعمیر سے اسٹریٹیجک پوزیشن میں تبدیلی آئے گی اور ہندوستان کی سلامتی پر گہرا اثر پڑے گا۔
اس سلسلے میں ہندوستانی افسران نے چین کو یاد دلایا کہ دونوں ملکوں کی حکومتوں نے 2012 میں یہ معاہدہ کیا تھا کہ ہندوستان چین کی سرحد سے کسی تیسرے ملک کے مشترکہ سرحدی علاقوں کے بارے میں حتمی فیصلہ متعلقہ ملک سے بات چیت کے بعد ہی لیا جائے گا۔ اس لئے ایسے سہ فریقی سرحدی علاقے میں یک طرفہ طورپر فیصلے لینا اس معاہدہ کی صریح خلاف ورزی ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق سکم علاقے کی سرحد کے بارے میں 2012میں دونوں ملکوں میں ایک سیدھی لائن کی بنیاد پر سرحد کے تعین پر باہمی اتفاق رائے ہوگیا تھا۔
اس سلسلے میں مزید بات چیت دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی مسئلے پر خصوصی نمائندہ سطح کے فریم ورک کے تحت ہورہی ہے۔ اس لئے یہ ضروری ہے کہ تمام فریق انتہائی تحمل کا مظاہرہ کریں اور باہمی اتفاق رائے پر عمل کرتے ہوئے صورت حال میں یک طرفہ تبدیلی کی کوشش نہ کریں۔ ہندوستان نے کہا کہ یہ بھی بہت اہم ہے کہ ہندوستان اور چین کے درمیان خصوصی نمائندہ سطح کی بات چیت کے عمل کا دونوں فریق پورا احترام کریں۔ ہندوستان نے ہمیشہ سے ہی چین کے ساتھ اپنی سرحد اور بالخصوص سہ فریقی سرحدی علاقے کے تعین کے سلسلے میں مثبت رویہ اپنایا ہے۔
ہندوستان نے کہا کہ وہ چین کے ساتھ ملحق اپنی سرحد پر امن اور استحکام پر فخر کرتا ہے۔ یہ صورت حال آسانی سے حاصل نہیں ہوئی ہے۔ دونوں فریقین ہند۔ چین سرحد کے تمام موضوعات پر بات چیت اور حل کے لئے ایک ادارہ جاتی سسٹم قائم کرنے کے خاطرکافی محنت کی ہے تاکہ سرحد پر امن او راستحکام یقینی ہوسکے۔ ہندوستان چین کے ساتھ اپنے تمام سرحدی مسائل کا پرامن حل تلاش کرنے کے تئیں عہد بند ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: India expresses concern over chinese incursion into sikkim in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply