ہندوستان دور قدیم سے دنیا بھر کے لیے روحانی مرکز رہا ہے :وزیر اعظم نریندر مودی

پانڈیچری:وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ قدیم دور سے ہی ہندوستان دنیا بھر کے لیے ایک روحانی مرکز رہا ہے اور یہاں بسنے والے مختلف مذاہب اور ثقافت و تہذیب کے ماننے والوں کو بقائے باہم اور باہمی احترام کا درس دیتا رہا ہے۔
انہوں نے پانڈیچری سے 6کلومیٹر کی دوری پر واقع بین الاقوامی شہر آروویلے کی تاسیس کی گولڈن جوبلی تقریب میں میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے کئی بڑے مذاہب اسی ملک میں وجود میں آئے اور ان مذاہب نے ہر شعبہ حیات کے لوگوں کو روحانیت و تصوف کی راہ اختیار کرنے کی تحریک دی۔اس سے قبل انہوں نے کانگریس کو ہدف تنقید بناتے اور دہلی سر کرنے کے بعد اپنی پارٹی بی جے پی کی یکے بعد دیگرے کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب کانگریس کی حکمرانی سمٹ کر محض پانڈیچری اور پنجاب میں رہ جائے گی۔
انہوں نے پانڈیچری میں ایک ریلی کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک اور شمال مشرقی ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جیت یقینی ہے اور کانگریس کی حکومت صرف پانڈیچری تک ہی محدود رہ جائے گی جس کے بعد پنجاب کے کیپٹن امریندر سنگھ کے علاوہ اس کے دوسرے وزیر اعلیٰ کے طور پر صرف پانڈیچری کے نرائن سوامی ہی باقی بچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو نے 17سال حکومت کی ۔ان کی بیٹی اندرا گاندھی 14سال وزیر اعظم رہیں ۔پھر ان کے بیٹے راجیو گاندھی 5سال وزیر اعظم رہے ۔2004سے2014تک گاندھی خاندان کا کوئی فرد وزیر اعظم نہیں بن سکا اور اس دوران ریموٹ کنٹرول سے حکومت چلتی رہی ۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: India a spiritual destination for the world pm in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply