سیکورٹی فورسوں پر پتھراؤ کرنے کے بجائے بحالی امن میںتعاون کریں: کشمیریوں سے مولانا عمیر الیاسی کی اپیل

نئی دہلی: ائمہ مساجد کے ایک وفد نے آج مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور وادی کشمیر کی جہاں جمعہ کی شام حزب المجاہدین برہان وانی کی ہلاکت کے بعد پرتشدد واقعات میں 31 لوگ ہلاک ہو چکے ہیں، صورتحال پر تشویش کا اظہارکیا۔
مولانا عمیر احمدالیاسی کی قیادت میں وزیر داخلہ سے 15 رکنی وفدکی ملاقات کے بعدمولانا الیاسی نے کشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ سیکورٹی فورسز پر پتھر او نہ کریں اور مکالمے کے ذریعے وادی میں امن اور معمول کے حالات بحال کرنے میں تعاون کریں۔ انہوں نے سیکورٹی فورسز پربھی زور دیاکہ احتجاج پر قابو پانے کے لئے طاقت کے استعمال میں تحمل سے کام لیا جائے تاکہ حالات کو معمول پر لانے میں مدد ملے۔
یہاں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا الیاسی نے کہا کہ اس وقتساری دنیا کی نظر مسئلہ کشمیر پر ہے جہاں بقول ان کے آگ لگی ہوئی ہے ایسے میں ہر وہ قدم اٹھا یا جائے جس سے ملک اور وادی دونوں کی امیج کو خراب ہونے سے بچایا جا سکے۔
مولانا الیاسی نے کہا کہ ”مسلمان کشمیر کے ہوں یوپی کے ہوں یا ملک کے کسی بھی حصے کے ہوں وہ سب سے پہلے ہندستانی ہیں ایسے میں ہمیں ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں قیام امن میں مدد کے لئے وہ جلد ہی اماموں کا ایک وفد لے کر کشمیر جائیں گے۔ مولانا نے کہا کہ آج کی ملاقات میں وزیر داخلہ نے سنجیدگی سے وفد کی باتیں سنیں اور ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔(یو این آئی)

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Imams meet rajnath singh urge to restore calm in valley in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News
What do you think? Write Your Comment