رام رحیم کی منھ بولی بیٹی ہنی پریت کی پیشگی ضمانت پر دہلی ہائی کورٹ کا فیصلہ محفوظ

نئی دہلی: (یو این آئی) دہلی ہائی کورٹ نے رام رحیم کی منہ بولی بیٹی ہنی پریت انسا کی پیشگی ضمانت پر فیصلہ محفوظ رکھا ہے۔ رام رحیم کو 25 اگست کو عصمت دری کے دو معاملوں میں قصوروار ٹھہرائے جانے کے بعد سے فرار چل رہی ہنی پریت نے اپنے وکیل کے ذریعہ دہلی ہائی کورٹ میں پیشگی ضمانت کی عرضی دی تھی۔ اس پر آج دوپہر بعد سماعت کرنے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ رکھ لیا۔ عدالت نے دہلی میں ضمانت کی عرضی داخل کئے جانے پر سوال کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ میں عرضی کیوں نہ داخل کی گئی۔
ہنی پریت کے وکیل پردیپ کمار آریہ نے عدالت سے تین ہفتوں کی پیشگی ضمانت دینے کی درخواست کی تھی۔ عدالت نے عرضی پر سماعت کرتے ہوئے سوال کیا کہ یہ عرضی دہلی ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار میں کس طرح آئی ہے۔
اس پر وکیل آریہ نے کہاکہ ہنی پریت کے پاس دہلی میں رہائش گاہ ہے اور اسے گرفتاری کا اندیشہ تھا۔ عدالت نے وکیل سے یہ بھی پوچھا کہ ہنی پریت نے اب تک خودسپردگی کیوں نہیں کی ہے؟ واضح رہے کہ ہنی پریت کے خلاف ہریانہ پولیس نے گرفتاری وارنٹ جاری کیا ہے اور آج گریٹر کیلاش میں اسے پکڑنے کے لئے چھاپہ بھی مارا گیا تھا۔
اس کے خلاف پہلے ہی لک آؤٹ نوٹس جاری کیا جا چکا ہے۔ عدالت میں ہنی پریت نے ہنی پریت تنیجا کے نام سے پیشگی ضمانت کی عرضی داخل کی ہے۔ اس کے وکیل کا کہنا ہے کہ ہنی پریت مسلسل اس کے رابطہ میں ہے اور ہریانہ پولیس نے گریٹر کیلاش کی جس کوٹھی پر چھاپہ مارا، وہ ڈیرہ کی جائیداد بتائی جا رہی ہے۔ یہ جائیداد راجیو ملہوترا نامی شخص کی نگرانی میں ہے۔ ہنی پریت کی ضمانت کی عرضی پر اس کوٹھی کا پتہ درج ہونے کے سبب ہی پولیس نے اسے پکڑنے کیلئے وہاں چھاپہ مارا تھا۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Honeypreets bail plea delhi high court reserves order asks her to surrender in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply