آئندہ چند ماہ میں دہلی کھلے میں رفع حاجت سے پاک شہر بن جائے گا: وزیر اعلیٰ کیجری وال

نئی دہلی:دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ اگلے چند ماہ میں دارالحکومت کو کھلے میں رفع حاجت کے مسئلے سے نجات دلا دی جائے گی۔ مسٹر کیجریوال نے آج کالکاجی میں ایک بیت الخلا کے احاطے کو عوام کے لیے وقف کرتے ہوئے کہا کہ پوری دہلی میں 15۔14ہزار بیت الخلا کی ضرورت ہے۔ ان کی حکومت نے گزشتہ دو سال کے دوران سات ہزار بیت الخلا بنائے ہیں۔ باقی بیت الخلا کے لئے رقم دے دی گئی ہے اور اگلے چند ماہ میں دارالحکومت کو کھلے میں رفع حاجت کے مسئلے سے نجات ملنے کی امید ہے۔
پوری دہلی میں آج 945 بیت الخلاءعوام کو وقف کئے گئے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عام آدمی پارٹی غریبوں کیلئے وقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بیت الخلاءبنائے جا رہے ہیں ان کے رکھ رکھاؤ کا بھی خیال رکھا جا رہا ہے۔ پہلے جو بیت الخلا تعمیر ہوئے ہیں ان کا رکھ رکھاؤ بہت اچھا ہے۔ جھگی والوں کو جہاں جھگی ہے اسی کے آس پاس پکے مکان دئے جانے کے آپ پارٹی کے وعدے کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر کیجریوال نے کہا کہ اگلے دو ۔ تین برسوں میں جھگی جھونپڑی والوں کو پکے مکان دے دئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس کیلئے دہلی پناہ گاہ بورڈ نے پورا منصوبہ تیار کر لیاہے۔ آپ پارٹی کو غریبوں اور جھگی والوں کی فکر کرنے والی پارٹی بتاتے ہوئے مسٹر کیجریوال نے کہا کہ ہماری پارٹی کو امیروں نے نہیں جتایا ہے۔ پارٹی کو غریب اور جھگی والوں نے جتایا ہے۔ یہ حکومت ان کے لئے سب سے پہلے کام کرے گی۔ مزدوروں کی کم از کم اجرت کے مسئلے پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس حوالے سے لیفٹیننٹ گورنر کے پاس فائل بھیجی جا چکی ہے اور امید ہے کہ ایک دو ماہ کے اندر اندر اس کی منظوری مل جائے گی۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Govt to make delhi free of open defecation during next few months in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply