گوا میں اردو کو جائز مقام دلانے کی یقین دہانی

پنجی: قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے گوا کے حالیہ دورے کے دوران ریاست کی ایجوکیشن سکریٹری محترمہ نیلا موہنَن سے ملاقات کی اور ان سے ریاست میں اردو کی صورت حال اور اردو تعلیم و تربیت کے شعبے میں درپیش مسائل و امکانات پر گفتگو کی ۔

اس گفتگو کے دوران جن اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا گیاان میں درجہ پنجم سے اوپر کی کلاسوں میں بطور مضمون اردو تعلیم کے آغاز کو منظوری نہیں دینا، اسکولوں کے نصاب میں اردو بطور مضمون شامل ہونے کے باوجود ریاستی حکومت کا مستقل اساتذہ کی بحالی نہ کرنا اور گذشتہ سات برسوں سے ضلع اسکول انسپکٹر کے ذریعے معائنہ نہ کرنا بھی شامل ہےں۔ اس کے علاوہ مختلف اسکولوں کے نمائندوں سے یہ بھی پتہ چلا کہ وہاں اردو کی نصابی کتابیں وقت پر مہیا نہیں کی جاتی ہیں۔

برسرروزگار اردو اساتذہ کے لیے تربیت کا کوئی معقول نظام نہیں ہے جس سے ان کی تدریسی صلاحیتیں مزید بہتر ہوسکےں۔ ڈاکٹر عقیل احمد نے ایجوکیشن سکریٹری سے خاص طور پر اردو میڈیم اسکولوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کی سمت میں کوشش کرنے کی درخواست کی تاکہ ریاست میں اس اردو زبان کا فروغ ہو جو ہماری گنگا جمنی تہذیب کی ایک روشن علامت ہے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ اردو زبان کو عام کرنے کے لیے ریاست میں ایک اردو اکادمی قائم کی جانی چاہےے تاکہ اردو زبان کے فروغ کے لیے مرکزی حکومت کی طرف سے چلائی جارہی اسکیموں کا ریاست میں نفاذ ہوسکے۔ قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر نے کہا کہ گوا کی ریاست میں اقلیتوں کی بھی ایک معتد بہ آبادی ہے اسی لیے اقلیتی آبادی والے علاقوں کے سرکاری اسکولوں میں اردو کو بطور تیسری زبان پڑھانے کا نظم بھی کیا جائے۔

گفتگو کے دوران محترمہ نیلا موہنن نے کہا کہ ہم قومی اردو کونسل کے ساتھ اردو کے فروغ کے لیے مفاہمت نامے پر دستخط کریں گے تاکہ ریاست میں اردو کو جائز مقام مل سکے۔ ریاستی حکومت کے ذریعے کرائے جانے والے پروگراموں میں بھی قومی کونسل کے ذریعے کلچرل پروگرام کے انعقاد کرانے کی بھی درخواست کی گئی۔

ایجوکیشن سکریٹری نے یقین دلایا کہ گوا میں پرائمری سطح پر جتنے بھی سرکاری وغیر سرکاری اسکول ہیں ان سب میں اردو کو بطور تھرڈ لینگویج پڑھایا جائے گا۔ قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ قومی اردو کونسل نصابی کتابوں کی اشاعت میں گوا سرکار کو تعاون دے گی۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Goa assured to introduce urdu language in schools in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News
What do you think? Write Your Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.