ہندوستانی بحریہ کے سابق افسر کو اغوا کر کے پاکستان لے جایا گیا: ہندوستان

نئی دہلی: ہندوستان نے پاکستان سے دو ٹوک لہجہ میں کہا ہے کہ وہ دو طرفہ تعلقات پر دہشت گردی کے اثرات سے انکار نہ کرے اور نہ ہی اسے نظر انداز کرے۔ پٹھان کوٹ میں واقع ہندوستانی فضائیہ کے اڈے پر حملہ کے بعد پہلے باقاعدہ مذاکرات میں، جو منگل کے روز نئی دہلی میں ہوئے، ہندوستان اور پاکستان کے خارجہ سکریٹریوں نے پٹھان کوٹ حملہ اور کشمیر سمیت کئی زیر التوا معاملات پر تبادلہ خیال کے دوران 26/11ممبئی حملوں کے حوالے سے مقدمہ اور سمجھوتہ ایکسپریس دھماکوں کی تحقیقات جیسے پیچیدہ معاملات بھی تبادلہ خیال کیا۔ہندوستان کے خارجہ سکریٹری ایس جے شنکر نے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس(استنبول عمل) میں شرکت کے لیے یہاں آنے والے اپنے پاکستانی ہم منصب اعزاز احمد چودھری سے صاف صاف کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان جو بھی کارروائی کرے یا قدم اٹھائے وہ ایسا ہو کہ دنیا کو نظر آئے۔ جے شنکر نے ہندوستانی بحریہ کے سابق افسر کل بھوشن جادھو کے ”اغوا“ کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ انہیںاغوا کر کے پاکستان لے جایا گیا ہے۔ ہندوستان نے جادھو کی سفارت کاروں سے فوری طور پرملاقات کرانے کا بھی مطالبہ کیا ۔ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ ہندوستان نے دو ٹوک لہجہ میں یہ کہا ہے کہ کل بھوشن جادھو کا اغوا ہوا ہے۔ جے شنکر نے اقوام متحدہ کی 1267پابندی کمیٹی کی فہرست میں جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہرکا نام شامل کرنے کا بھی معاملہ اٹھایا۔جے شنکر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی سرزمین سے ہندوستان کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے والی انتہا پسند تنظیموں کو یوں ہی کھل کر کام کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان ایسی کارروائی کرے جو نظر آئے۔ پاکستانی ہائی کمیشن واقع ہندوستان نے جے شنکر اور اعزاز چودھری کے درمیان تبادلہ خیال کے بعد ایک بیان جاری کر کے کہا کہ گفتگو کے دوران بنیادی موضوع کشمیر سمیت تمام حل طلب دو طرفہ معاملات زیر غور آئے۔چودھری نے جامع دو طرفہ مذاکرات بھی جلد از جلد کرانے کی ضرورت پر زور دیا اور اس کے ساتھ ہی بلوچستان میں گرفتار کیے جانے والے ہندوستانی جاسوس کے حوالے سے بلوچستان و کراچی میں را کی سرگرمیوں کے بارے میں جے شنکر کو پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا ۔ لیکن ہندوستان نے اس الزام یکسر خارج کر دیا۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Former naval officer kulbhushanjadhav was abducted says india in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply