انل دوے کے آخری رسوم ادا، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ چوہان اور مرکزی وزراءکی شرکت

باندرابھان (ہوشنگ آباد):جنگلات و ماحولیات کے مرکزی وزیر مملکت (آزاد چارج) انل مادھو دوے کی آج مدھیہ پردیش کے ضلع ہوشنگ آباد کے باندرابھان میں نرمدا کے کنارے سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسم ادا کردیے گئے۔ مسٹر دوے کے چھوٹے بھائی نے نرمدا اور توا دریا کے سنگم باندرابھان میں ان کے جسد خاکی کو ’مکھااگنی‘ دی۔دوے کی خواہش کے مطابق ان کے آخری رسوم یہاں نرمدا کے کنارے ادا کیے گئے۔ وہ اسی مقام پر دریا فیسٹیول (ندی مہوتسو) منعقد کیا کرتے تھے۔
اس دوران مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، مرکزی وزراءاوما بھارتی، ڈاکٹر ہرش وردھن ،تھاور چند گہلوت بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ اور پارٹی کی ریاستی یونٹ کے صدر نندکمار سنگھ چوہان سمیت ہزاروں کی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ آخری رسوم کی ادائیگی کے بعد مجلس تعزیت منعقد کی گئی۔ قبل ازیں صبح تقریبا سوا چھ بجے مسٹردوے کی ارتھی دارالحکومت بھوپال میں واقع ان کی ذاتی رہائش گاہ ’ندی کا گھر‘ سے نکلی۔ ہزاروں لوگوں نے نم آنکھوں سے انہیں الوداع کہا۔
مسٹردوے کے جسد خاکی کو کل شام دہلی سے خصوصی طیارے سے بھوپال لاکر بی جے پی کے ریاستی دفتر میں لوگوں کے درشن کے لئے رکھا گیا تھا۔ اس کے بعد ان کے جسد خاکی کو ان کی رہائش گاہ ’ندی کا گھر‘ پر رکھا گیا، جہاں دیر رات تک درشن کے لئے عام لوگوں کا تانتا لگا رہا۔ مسٹردوے کا کل صبح دہلی میں انتقال ہو گیا تھا۔

Title: former minister anil daves last rites performed in indore | In Category: ہندوستان  ( india )

Leave a Reply