راجستھان میں ایک فیکٹری میں آتشزدگی، 5مزدور ہلاک، دو شدید طور پر جھلسے

جے پور:راجستھان کے چوموں قصبے کے گووندگڑھ میں ایک ٹائر فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے لگی آگ میں سات افراد بری طرح جھلس گئے جن میں سے پانچ مزدوروں کی آج علی الصبح علاج کے دوران موت ہو گئی۔
مہلو ہلاک شدگان میں راجو، ہیرالال، سکھدیو، سیا اور ایک دیگرشامل ہیں۔ مزدوروں کی موت کی اطلاع پر آج علی الصباح ان کے لواحقین بھی جے پور پہنچ گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق چوموں قصبے کے گووندگڑھ کے دھوبلائی گاؤں میں ہوئے اس حادثے میں شدید طور پرجھلس جانے والے ایک مزدور کا جے پور کے سوائی مان سنگھ ہسپتال میں اور ایک دیگرکا اب بھی گووندگڈھ کی سی ایچ سی میں علاج چل رہا ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق ان میں سے ایک کی حالت اب بھی نازک ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق کل رات تقریبا ساڑھے گیارہ بجے ٹائر پائرولاسس فیکٹری میں کاربن آؤٹ ڈھکن کھولتے وقت اچانک دھماکہ ہونے سے شدید آگ لگ گئی۔ اس سے ٹائر فیکٹری میں کام کر رہے 7 مزدور آگ کی زد میں آکر جھلس گئے۔ حادثہ ہوتے ہی وہاں افرا تفری مچ گئی۔ تمام مزدور 60 سے 80 فیصد جھلس گئے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر گووندگڑھ سی ایچ سی لے جایا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد شدید جھلسے پانچ مزدوروں کو جے پور ریفر کر دیا گیا۔ فیکٹری میں آگ لگنے کی اطلاع پر وہاں پہنچے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے بڑی مشکل سے آگ پر قابو پایا۔
آگ کی اطلاع پر فیکٹری مالک بھی موقع پر پہنچا لیکن پولیس پوچھ گچھ سے پہلے ہی وہ موقع سے فرار ہو گیا۔ سرکاری اطلاعات کے مطابق غیر قانونی طور پر چل رہی فیکٹری کشن گڑھ (اجمیر) رہائشی انکر شرما نے دہلی کے کسی تاجر کو کرائے پر دے رکھی ہے۔ فیکٹری میں پرانے ٹائر کو جلا کر اس سے تیل نکالنے کا کام کیا جاتا تھا۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Five killed as boiler bursts in rajasthan tyre factory in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply