تلنگانہ کے ساڑھے چار سو حاجیوں کا پہلا قافلہ حیدرآباد کے شمس آباد ہائی اڈے پہنچا

حیدرآباد(یواین آئی) ریاست تلنگانہ کے 450 حجاج کرام کا پہلا قافلہ سعودی عربین ایر لائینز کی فلائٹ کے ذریعہ کل رات حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پہنچا۔ اس موقع پر نائب وزیراعلی محمد محمود علی،اسپیشل افسر تلنگانہ حج کمیٹی ایس اے شکور ، جی ایم آر ایر پورٹ‘ بی سی اے ایس‘ سعودی عربین ایر لائنز‘ کسٹم ‘ امیگریشن اور دیگر محکمہ جات کے اعلیٰ افسرموجود تھے۔ محمود علی ،ایس اے شکور نے تمام حاجیوں کا استقبال کیا اور ان کو مبارکباد پیش کی۔
حجاج کرام کے کئی رشتہ دار بھی ایرپورٹ پر پہنچے جہاں پر جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ سابق کے مقابلہ اس سال حجاج کرام کی واپسی کے موقعہ پر بہترین اور نقائص سے پاک انتظامات کئے گئے تھے ‘ لگیج ایریا میں حجاج کے سامان کی منتقلی اور حجاج کو حوالگی کے لئے موثر بندوبست کیاگیاتھا۔ کسٹم کلیرنس اور امیگریشن کے دوران حجاج کو سہولت فراہم کی گئی۔
حجا ج کرام کی فلائٹس کے موقعہ پر ٹرمنل کے اندر اور باہر ڈسپلے بورڈ نصب کیا گیا تھا۔ موسم برسات کے پیش نظر وزیٹرز کے لئے باہری حصہ میں واٹر پروف شیڈ نصب کیا گیاتھا اور کرسیوں کا انتظام کیا گیا تھا‘ اس موقع پر حجاج کرام کو ایر پورٹ پر ہی زم زم کے کین کی حوالگی بھی عمل میں لائی گئی۔ اسپیشل افسرحج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 29 ستمبر تک سات دن میں جملہ 15 فلائیٹس کے ذریعہ تلنگانہ ‘ آندھرا پردیش اور کرناٹک کے وہ تمامحجاج کرام جو حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے تھے‘ وطن واپس ہوجائیں گے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: First batch of hajis landed at shamsabad airport hyderabad in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply