ممبئی میںبلڈروں کے بعد اب بار بار دوبئی جانے والے پولس کے نشانے پر

ممبئی: ( یو این آئی)ممبئی سے متعلقہ تھانہ ضلع میں مافیا ڈان اقبال کاسکر اور اس کے چار ساتھیوں کی ہفتہ وصولی کے الزامات کے تحت مکوکا میں ہوئی گرفتاری کے دوران تھانہ پولس کا انسداد ہفتہ وصول دستے نے ممبئی کے کئی ایک بلڈروں کو مافیا گروہ سے تعلقات رکھنے کے الزامات کے تحت طلب کرکے تفتیش کی تھی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اب انکاؤنٹر اسپیشلسٹ پولس افسر پردیپ شرما نے ممبئی سے دبئی کا ٹرپ لگانے والوں کی تفصیلات طلب کی ہے۔
پولس کو شبہ ہے کہ ممبئی سے دبئی ٹرپ کے دوران داؤد گروہ کا سرمایہ استعمال ہوتا تھا اور اسمگلنگ کے ذریعہ دبئی سے سونا ، مانک چند گٹکا ، موبائل اور دیگر چیزیں ہندستان میں لاکر فروخت کی جاتی تھی۔ ذرائع کے مطابق تھانہ پولس کے ہمراہ ممبئی پولس نے ملک کے مختلف ایئر پورٹ سے ایسی تفصیلات طلب کی ہے جس کے مطابق ایک شخص مستقل دبئی کا ٹرپ لگا رہا ہو اور یہ دعویٰ کررہا ہو کہ اس کا دبئی سے کاروبار ہے۔ واضح رہے کہ تھانہ پولس نے اس سے قبل ممبئی کے کئی ایک بلڈروں کو تفتیش کے لئے طلب کیا تھا ان بلڈروں پر شبہ تھا کہ وہ مافیا گروہ کے روپیوں پر ممبئی میں عمارتیں تعمیر کرتے ہیں۔ پولس کے مطابق انڈورلڈ نے ممبئی میں کنسٹرکشن کے معاملے میں سرمایہ کاری کی ہیں اور منظم طریقے سے عرس البلاد میں یہ کام عروج پر پہونچ رہا ہے۔
حال ہی میں تھانہ پولس دستے نے ناگپاڑہ علاقے میں عالیشان عمارت تعمیر کئے ایک بلڈر فرید کو اقبال کاسکر معاملے میں تفتیش کے لئے طلب کیا تھا۔ بلڈر نے دو دنوں تک تھانہ پولس کے روبرو حاضری دی دو دنوں بعد اچانک ہی اس کا دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے انتقال ہوگیا۔ بلڈر فرید کے فرزند نے اس کی موت کے بعد مختلف ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ الزام عائد کیا تھا کہ اس کے والد کی موت شدید نفسیاتی دباؤ کے باعث ہوئی ہے۔پردیپ شرما کی جانب سے طلب کئے جانے کے بعد خوف سے کئی بلڈر روپوش ہوگئے ہیں۔ کئی بلڈر تو عمرہ کا ویزا لے کر عمرہ کرنے گئے ہوئے ہیں تو کئی مغربی ممالک چھٹیاں گزارنے گئے ہوئے ہیں اور وہ منتظر ہے کہ کب اقبال کاسکر کی رہائی عمل میں آئے اور وہ ممبئی واپس آئیں۔
ذرائع نے یہ بھی کہا ہے کہ تھانہ پولس کو ایسی اطلاع ملی ہے کہ دبئی ٹرپ میں بھی داؤد کا سرمایہ لگا ہوا ہے اور اس کے لئے ملک کے مختلف ایئرپورٹ میں محکمہ کسٹم میں ایسے افسران موجود ہیں جو غیر قانونی اشیا کو اسمگل کرنے میں مافیا گروہ کی مدد کرتے ہیں۔ ناگپاڑہ علاقے کی عالیشان عمارت میں رہائش پذیر ایک کاروباری شخص پر بھی شبہ ہے کہ وہ انڈر ورلڈ کے پیسوں سے دبئی کی ٹرپ لگانے کے لئے افراد کا بندوبست کرتا ہے۔ ذرائع نے کہا ہے کہ وہ ملک میں جی پی آر ایس سسٹم ، مہنگے موبائل ، پرفیوم ،عطریات اور دیگر اشیا اسمگل کرتا ہے جبکہ ممبئی سے امریکی ڈالر اور دیگر چیزیں دبئی لے جاتا ہے۔ اسی طرح سے ڈونگری ، بھنڈی بازار اوردیگر علاقوں میں سینکڑوں افراد اسی روزگار سے وابستہ ہیں جنہیں ایک مرتبہ دبئی ٹرپ لگانے کا پانچ سے دس ہزار روپیہ ملتے ہیں۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Fear amongst mumbai builders after iqbal kaskar arrested in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply