کانپورٹرین حادثہ پر عالمی لیڈروں اور یورپی یونین کا اظہار رنج و غم

نئی دہلی:صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی، وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس صدر سونیا گاندھی کے علاقوہ یورپی یونین اور فرانس و کئی دیگر عالمی رہنماؤں نے بھی اترپردیش میں کانپور دیہات ضلع کے پکھرایا کے نزدیک ریل حادثے پر شدید دکھ کا اظہار کیا ہے۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ فیڈریکا موغرینی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے یورپی غم و مصیبت کی اس گھڑی میں ہندوستانی عوام اور ہلاک شدگان کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔ فرانس نے بھی اس حادثہ پر گہرے افسوس و صدمہ کا اظہار کیا۔فرانس کی وزارت خارجہ نے ہندوستان کو یقین دلایا کہ اس پریشانی و غم کے موقع پر فرانس ہندوتان سے اظہار وابستگی و یکجہتی کرتا ہے۔
اس سے قبل حادثہ کی اطلاع ملتے ہی صدر جمہوریہ مسٹر پرنب مکھرجی نے اس حادثہ پر نہایت دکھ و رنج کا اظہار کیا اور اتر پردیش کے گورنر رام نائیک کو بھیجے پیغام میں کہا کہ وہ اندور۔پٹنہ ایکسپریس ریل حادثے سے بہت دکھی ہیں۔انہوں نے حادثے میں مارے گئے لوگوں کے اہل خانہ کے تئیں غم کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ زخمیوں کے جلد صحت مند ہونے کی دعاکرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کا پورا یقین ہے کہ ریاستی حکومت اس واقعہ میں مارے گئے لوگوں کے خاندانوں اور زخمیوں کو ہر ممکن مدد بہم پہنچائے گی۔ مسٹر مودی نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ پٹنہ۔اندور ایکسپریس کے پٹری سے اترنے کی وجہ سے ہوئی اموات کے سلسلے میں ہو رہے دکھ کو وہ الفاظ میں بیان نہیں کر سکتے۔ وہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
کہا کہ انہوں نے ریلوے کے وزیر سے ریلیف اور ریسکیو آپریشن کے بارے میں بات کی ہے جو ذاتی طور پر اس کی نگرانی کر رہے ہیں۔ وہ زخمیوں کی جلد صحت مند ہونے کی دعاکرتے ہیں۔ محترمہ گاندھی نے کہا کہ ریل حادثے میں جن لوگوں نے اپنوں کو کھویا ہے ان کے دکھوں کو بانٹنے کے لئے ان کے پاس الفاظ نہیں ہے۔ مرنے والوں کے خاندانوں کے تئیں پورا ملک سوگوار ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ راحت اور بچاؤ دستہ اچھی طرح کام کو انجام دے گا، تاکہ ڈبوں میں پھنسے لوگوں کی جان بچائی جا سکے.دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ریل حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے اہل خانہ کے تئیں غم کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا ریل حادثہ کی خبر سن کر انہیں نہایت تکلیف ہوئی ہے اور وہ ہلاک شدگان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے بھی اس حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے اہل خانہ کے تئیں گہرے غم کا اظہار کیا۔ مسٹر کمار نے کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں ہلاک شدگان کے سوگوار لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور خدا سے دعا کرتے ہیں کہ وہ پسماندگان کو صبر دے۔ انہوں نے زخمی ہوئے لوگوں کے جلد صحت مند ہونے کی بھی دعاکی ۔ انہوں نے بہار کے حکام کو اترپردیش کے حکام اور ریلوے کے سینئر حکام سے مسلسل رابطہ قائم رکھنے کا بھی حکم دیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے بھی ریل حادثے میں اس ریاست کے بہت سے لوگوں کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمی مسافروں کے جلد صحت مند ہونے کی دعاکی اورحادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو دو لاکھ روپے اور شدید زخمی ہوئے لوگوں کو پچاس ہزار روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Eu condoles with india over kanpur train tragedy in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply