کئی شہروں سے حج پروازیں بند کردینے سے عازمین سخت پریشانیوں سے دو چار ہو جائیں گے: : محمد سلیم

نئی دہلی :(یو این آئی)لوک سبھا میں مارکسی کمیونسٹ پارٹی( سی پی ایم )کے ڈپٹی لیڈر محمد سلیم نے کہا ہے کہ ہندستانی عازمین حج کے امبارکیشن پوائنٹ کم کرنے سے ملک کے دور دراز کے علاقوں سے سفر کرنے والے عازمین حج کو سخت پریشانیوں میں ڈال دے گا۔ سنٹرل حج جمیٹی کے چیئر مین چودھری محبوب علی قیصر کے نام ایک مکتوب میں جس کی نقل آج یہاں پریس کو جاری کی گئی۔
عازمین حج کی سہولت اور سیاحت کے فروغ کیلئے مزید امبارکیشن پوائنٹ کھولنے پر استدلال کے ساتھ مارکسی رہنما نے کہا ہے کہ بصورت دیگر حکومت کے مبینہ اقدام سے خود حکومت کی اس کوشش کی بھی نفی ہوگی جس کے تحت زیادہ سے زیادہ شہروں بشول دوسرے درجے کے شہروں کو ہوائی ٹریفک کے ذریعہ مربوط کرنا مقصودہے۔ انہوں نے کہا کہ گزرنے و الے برسوں کے ساتھ نہ صرف سفر حج کرنے والوں کی تعداد بڑھی ہے بلکہ حکومت نے بھی بہتر ہوائی رابطے کے لئے ہوائی اڈوں کو ترقی دی ہے اور جن ہوائی اڈوں سے سفر حج کے لئے پرواز کی سہولتیں ہیں ان کی تعداد مسلسل بڑھائی جاتی رہی۔
دہائیوں میں کئے جانے والے اس اضافے سے عازمین کو ہی راحت نہیں ملی ،سیاحت کو بھی فروغ حاصل ہو اہے۔ مسٹر سلیم نے کہا کہ اخباری خبروں کے مطابق سری نگر، گواہاٹی، وارانسی، رانچی، گیا، اندور، بھوپال وغیرہ سے حج پروازیں بند کی جا سکتی ہیں۔ مارکسی رہنما نے امید ظاہر کی ہے حکومت ایسا کوئی عاجلانہ فیصلہ کرنے کے بجائے نئے امبارکیشن پوائنٹ کھولنے کا فیصلہ کرے گی جس میں باگ ڈوگرا بھی شامل ہو گا۔ واضح رہے ایک سے زیادہ حلقوں کی طرف سے امبارکیشن پوائنٹ کم کرنے کے مبینہ سرکاری ارادے کی مخالفت کی جارہی ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی کے سابق رکن حافظ نوشاد احمد نے بھی اس کی مخالفت میں حج کمیٹی آف انڈیا کے سربراہ کو ایک مکتوب لکھا ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Embarkation points for hajj flights should not be reduced in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply