یہ توقع رکھنا عبث ہے کہ ہند سے متعلق پالیسی میں پاکستانی فوج کا کوئی کردار نہ ہو: عبد الباسط

نئی دہلی: پاکستان کی ہند کے تئیں پالیسی میں فوج کے اہم رول کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستان کے ہائی کمشنر عبد الباسط نے کہا ہے یہ توقع ہی غلط ہے کہ پاکستان کی ہندستان سے متعلق پالیسی میں اس کی فوج کا کوئی کردار نہ ہو۔ ایک انگریزی روزنامے کو ایک انٹرویو میں مسٹر باسط نے پاکستان کے اس بیان کا اعادہ بھی کیا کہ پچھلے مہینے کوئی سرجیکل اسٹرائیک نہیں ہو ا جیسا کہ ہندستان نے دعویٰ کیا ہے۔پاکستان کی ہندستان کے حوالے سے خارجہ پالیسی میں فوج کے رول پر مسٹر عبد الباسط نے کہا کہ ہندستان، افغانستان سے متعلق امور اور دوسرے امورمیں جن کا تعلق سیکور ٹی سے ہو تو ظاہر ہے کہ ہماری فوج کا ایک اہم رول ہو گا جواہم اطلاعات دیتی ہے۔
ایسے میں یہ توقع ہی غلط ہے کہ پاکستان کی ہند یا افغان رخی پالیسی یا ایسے دوسرے امور میں فوج کوئی عمل دخل نہیں رکھے گی۔ اس امر کو خارج کرتے ہوئے کہ پچھلے مہینے ہندستانی فوج نے کوئی سرجیکل کارروائی کی تھی عبد الباسط نے اسے بین سرحدی فائرنگ کا واقعہ قرار دیا اور کہا کہ اگر کوئی کنٹرول لائن کے پار فائرنگ کو سرجیکل اسٹرائیک کا نام دینا چاہتا ہے تو ہم اسے ایسا کرنے سے نہیں روک سکتے۔ اسی کے ساتھ انہوں نے کہا کہ بہر حال سچ تو یہ ہے کہ کوئی سرجیکل اسٹرائیک ہوا ہی نہیں۔ اورمیں آپ کو یقین دلا سکتا ہوں کہ اگر کوئی سرجیکل حملہ ہوا ہوتا تو پاکستان نے فوری طورپر اس کی مناسبت سے جواب بھی دیا ہوا ہوتا کیونکہ ہمیں کسی تیاری کے لئے وقت درکار ہی نہیں ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Dont expect army not to have role in india policy abdul basit in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply