دہلی کی تینوں میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات22اپریل کو

Delhi MCD election on April 22
نئی دہلی: دہلی اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے منگل کے روز اعلان کیا کہ دہلی کی تینوں میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات 22اپریل کو ہوں گے اور نتیجہ 25اپریل کو اعلان کر دیا جائے گا۔ اس اعلان کے ساتھ ہی دہلی میں انتخابی ضابطہ اخلاق کا اطلاق ہو گیا۔ 2012میں دہلی میونسپل کارپوریشن کی تین زونوں میں تقسیم کے بعد دوسرا الیکشن ہے۔
یہ 70رکنی اسمبلی میں فروری 2015میں 67سیٹیں جیتنے والی اروند کیجری وال کی پارٹی عام آدمی پارٹی کے لیے پہلے باقاعدہ مکمل بلدیاتی انتخابات ہیں۔گذشتہ سال 13سیٹوںکے لیے ہوئے ضمنی انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے 5سیٹیں جیتی تھیں۔اسٹیٹ الیکشن کمشنر ایس کے سری واستو نے کہا کہ کارپوریشن انتخابات میں ای وی ایم کا ہی استعمال کیا جائے گا۔
انہون نے کہا کہ بیلٹ پیپر سے انتخابات کرانے کے لیے قواعد و ظوابط میں ترمیم کرنا ضروری ہے۔دریں اثنا الیکشن کمیشن نے ہر امیدوار کے انتخابی اخراجات کی حد 75ہزار روپے سے بڑھا کر پونے چھ لاکھ روپے کر دی ہے۔